ون ویلنگ اور کمسن ڈرائیورز کیخلاف ٹھوس کارروائی ،اضافی 4سپیشل سکواڈ اور 13وارڈنز تعینات

جمعہ 26 فروری 2016 21:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 فروری۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کمسن ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی اور ون ویلنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے اسکے خاتمے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا ر ہی ہے ۔انہوں نے خلاف ورزی کی شکایت کے پیش نظر اتوار کے روز مصری شاہ کے علاقے اورمغلپورہ فلائی اوورپراضافی 4سپیشل سکواڈ ، 13وارڈنز تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے ابتک13493کم عمر ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کی جبکہ ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے1502ویلرز کے خلاف مقدمات درج کرائے ہیں۔ سی ٹی او نے ایس پیز، ڈی ایس پیز سے کہا کہ کمسن ڈرائیورز اور ون ویلنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کا جائزہ لینے کیلئے میں خود بھی وزٹ کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ون ویلرزاور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف جاری مہم کو کامیاب کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلائیں خصوصاہفتہ ،اتوار کے دنوں میں اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔

سی ٹی او نے کہاکہ ون ویلنگ کی لعنت کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب ہے جبکہ وارڈنزکمسن ڈرائیورز کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں تاہم شہریوں سے نرم رویہ رکھتے ہوئے ڈیوٹی سرانجام دیں۔انہوں نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ سے روک کر انکی زندگی اور قوم کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں۔