ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی ، بھارت نے پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 فروری 2016 21:29

ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی ، بھارت نے پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

میرپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔27فروری2016ء ) ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے نسبتا آسان مقابلے کے بعد پاکستان کو5 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو کسی بیٹسمین نے وکٹوں پر کھڑے ہونے کی زحمت گوارا نہ اور وقفے وقفے سے کھلاڑی پوویلین لوٹتے رہے ،محمد حفیظ 4،شرجیل خا ن 7،خرم منظور 10،شعیب ملک 4، عمر اکمل 3، آفریدی 2 اور وہاب ریاض 4رنزبنا کر آؤٹ ہوئے ،پاکستان کی جانب سے سرفرا ز احمد نے تھوڑی بہت مزاحمت دکھائی تاہم وہ بھی 25رنز بنا کر جدیجہ کا نشانہ بن گئے ۔

محمد سمیع اپنی پی ایس ایل کی فارم نہ دکھا سکے او ر 8رنز بنا کر پانڈیا کا نشانہ بن گئے او ر پاکستان کی پوری ٹیم 17.3اوورز میں 83رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے پانڈیا نے 3،جدیجہ نے 2جبکہ یووراج ، بمراہ اور نہرا نے ایک ، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں یہ پہلا موقع ہے کہ قومی ٹیم کے 9کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہیں ہوسکے ۔

84رنز کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز کو محمد عامر نے کھاتہ کھولنے کا موقع دیئے بغیر پوویلین بھیج دیا جبکہ سریش رائنا بھی 1رن بنا کر عامر کا شکار بنے۔اس کے بعد یوراج سنگھ اور ویرات کوہلی نے گرتے سنبھلتے چوتھی وکٹ کے لیے 68رنز جوڑے ،اس دوران امپائر نے بھی کوہلی پر مہربانی کرتے ہوئے ایل بی ڈبلیو آؤ ٹ کیا تاہم قسمت نے 49رنز پر کوہلی کاساتھ چھوڑ دیا اور وہ ان سائیڈ ایج کے باوجود ایل بی ڈبلیو قرار دے دیئے گئے۔

ہردیک پانڈیا بھی جوش میں آکر غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے پوویلین لوٹ گئے۔ایم ایس دھونی نے اپنے مخصوص انداز میں چوکا لگا بھارت کو فتح دلا دی ۔ دھونی 7او ر یووراج 14رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3اور محمد سمیع نے 2شکار کیے ۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان پر اپنی برتری برقرار کھی ہے ۔