پیمرا اتھارٹی کا 110ویں اجلاس کاانعقاد ، جیو کہانی اور اے آر وائی چینلز کو دو دو لاکھ روپے جرمانہ ،نا شائستہ تبصرے کرنے پر پرائم ٹائم میں معافی نشر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے

پیر 29 فروری 2016 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29فروری۔2016ء) پیمرا اتھارٹی نے اپنے اسلام آباد میں منعقدہ 110ویں اجلاس میں جیو کہانی اور اے آر وائی چینلز پر دو دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے چینلز کو 14مارچ تک جرمانے ادا کرنے اورنا شائستہ تبصرے کرنے پر پرائم ٹائم میں معافی نشر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ 14مارچ 2016ء تک جرمانہ ادا نہ کرنے اور معافی نشر نہ کرنے کی صورت میں دونوں ٹی وی چینلز کے لائسنس معطل کر دیئے جائیں گے۔

اتھارٹی کی جانب سے جرمانہ جیو کہانی کے ایک پروگرام میں ڈاکٹر عامر لیاقت کی جانب سے بیہودہ زبان استعمال کرنے جبکہ اے آر وائی نیوز چینل کے ڈاکٹر دانش کی میزبانی میں کئے گئے پروگرام ”سوال یہ ہے“ میں 12 دسمبر 2015ءء میں ایک شخص زید حامد کی جانب سے انتہائی نامناسب الفاظ نشر کرنے پر کئے گئے۔

(جاری ہے)

ملک کے طول وعرض میں صحتمندتعلیم اور معلومات کے فروغ کے عزم کے حصول کیلئے پیمرا نے انفارمیشن ٹیکنالوجی لاہور کو نان-کمرشل ایف ایم ریڈیو لائسنس کے اجراء کی منظوری بھی دیدی۔

اس سے قبل پیمرا ملک بھر میں مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کو ذرائع ابلاغ کی تعلیم کے فروغ کیلئے 47نان کمرشل ایف ایم ریڈیو لائسنس جاری کر چکا ہے۔ ملک میں مزید ایف ایم ریڈیو اسٹیشنوں کے قیام کی ضرورت کو زیرِ غور لاتے ہوئے اتھارٹی نے ملک کی اُن جگہوں پر جہاں ایف ایم ریڈیو میسر نہیں کیلئے بھی مزید لائسنسوں کے اجراء کی منظوری دیدی۔ مختلف ٹی وی چینلز پر جرائم کی منظر کشی اور کرائم شوز کی آڑ میں لوگوں کی ذاتی زندگیوں میں بے جا مداخلت کا نوٹس لیتے ہوئے اتھارٹی نے چیئرمین پیمرا کو سختی سے کارروائی کے احکامات جاری کئے۔

اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ضابطہٴ اخلاق ، اعلیٰ عدلیہ کے احکامات اور ہماری سماجی معاشرتی ثقافت کے بر خلاف پروگراموں کی ہر گز اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ اس ضمن میں اتھارٹی نے چیئرمین پیمرا کو مزید مناسب کارروائی کرنے کے اختیارات بھی تفویض کر دیئے ہیں۔ اجلاس میں چیئرمین پیمرا ابصار عالم ، سیکریٹری اطلاعات و نشریات عمران گردیزی، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ، سرفرازخان جتوئی (ممبر سندھ)، مسز نرگس ناصر (ممبر پنجاب) اور مسز شاہین حبیب الله(ممبر خیبرپختونخوا) نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :