گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کی ملاقات

پیر 29 فروری 2016 22:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29فروری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے پنجاب کے گورنر محمد رفیق رجوانہ نے پیر کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے گورنر پنجاب کو کراچی آپریشن اور اس کے نتیجے میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں، بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور اغواء برائے تاوان میں ملوث مجرمان کے خلاف آپریشن کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری سماجی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور طریقہ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جبکہ اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف مختلف شعبوں میں پیداوار میں اضافہ ہوا ہے بلکہ اس کے باعث روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے گورنر سندھ کو پنجاب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اپنے صوبہ میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔