پی آئی اے کا طیارہ فضا میں نجی پروازسے تصادم سے بال بال بچ گیا

پائلٹس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینکڑوں مسافروں کی جانیں بچالیں

منگل 1 مارچ 2016 22:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2016ء) قومی ایئرلائن کا طیارہ فضا میں ایک اور غیرملکی پرواز کے سامنے آگیا تاہم دونوں طیاروں کے پائلٹس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکڑوں مسافروں کی جانیں بچالیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مطابق پاکستان ائیر لائن کی پرواز پی کے 247 سیالکوٹ سے دمام جارہی تھی کہ ایران کی فضائی حدود میں 38 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارہ مخالف سمت سے آنے والے عمان ایئر لائن کے طیارے کے سامنے آگیا،دونوں طیاروں کے پائلٹس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیاروں کا رخ موڑکر سینکڑوں مسافروں کی جانیں بچالیں،قومی ائیر لائن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی حکام کو پی آئی اے کی پرواز کا فلائٹ روٹ بروقت فراہم نہ کرنے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا ۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن کی غفلت کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں اگر آلات خراب ہوتے تو واقعہ حادثے کی صورت میں بدل سکتا تھا، طیاروں کے آمنے سامنے آنے پر تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے،دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن نے واقعے کی تردید یا تصدیق سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے حوالے سے ایرانی حکام سے رابطہ کرلیا گیا ہے، جہاں سے صورت حال واضح ہونے کے بعد موقف بیان کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :