شہباز بھٹی نے پاکستان کے پسماندہ طبقات کے تحفظ کیلئے تاریکی میں دھکیلنے والی قوتوں کیخلاف بہادری سے جنگ لڑی، بلاول بھٹو زرداری

بدھ 2 مارچ 2016 22:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے رہنما شہباز بھٹی کی 5ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے، اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہباز بھٹی پارٹی کے بہادر رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کے پسے ہوئے اور پسماندہ طبقات کے تحفظ کے لیے تاریکی میں دھکیلنے والی قوتوں کے خلاف بہادری سے جنگ لڑی اور انہوں نے میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹوکی رہبری میں پاکستان کو قائداعظم کے ویژن تحت بنانے کے لیے جدوجہد کی اور اس کا یہ کردار ہر اس پاکستانی کے لیے ہمت کا ذریعہ بنا ہوا ہے جو اس ملک کو تمام عقیدوں کے لیے مساوی اور ترقی پسند ریاست دیکھنا چاہتا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہباز بھٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مخلص پیروکار کے طور مذہبی، نسلی اور ذات پات سے بالاتر تمام پاکستانیوں کے لیے مساوی بنیادوں پر حقوق کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی گذشتہ حکومت میں وفاقی وزیر کی حیثیت سے شہباز بھٹی نے پارلیامینٹ میں اقلیتی برادری کو مناسب نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے عوام دوست اور جمہوریت دوست قانونسازی میں اہم کردار ادا کیا،ان کی کاوشوں کی وجہ سے ہی صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کی حکومت کو ملکی تاریخ میں پہلی بار سینیٹ میں غیر مسلم کو نمائندگی دینے کی منظوری دی،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہباز بھٹی جیسے رہنماؤں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں،پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ شہباز بھٹی جیسے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہم ملک کے بانی قائداعظم محمد علی جناح، ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لیے تمام عقائد کے لیے مساوی پاکستان کے لیے اپنی جدجہد جاری رکھیں جہاں ہر شہری کوبلا امتیاز تحفظ اور مساوی حقوق حاصل ہوں۔