وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوئٹہ شہر کا اچانک دورہ

نکاسی آب کے نظام کی ابتری ، گٹروں کے ڈھکن نہ ہونے اور صفائی کی مجموعی صورتحال پر عدم اطمینان اور ناپسندیدگی کا اظہار

بدھ 2 مارچ 2016 22:32

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے بدھ کی شام کوئٹہ شہر کا اچانک دورہ کیا، صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال، ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ نے انسکمب روڈ، پرنس روڈ، زرغون روڈ، سریاب روڈ، منیر مینگل روڈ، سیٹلائیٹ ٹاؤن ، سرکی روڈ اور ڈبل روڈ کا معائنہ کیا اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سمیت ٹریفک کے دباؤ ، صفائی کی صورتحال اور بلڈنگ کوڈ کے برخلاف بنائی گئی عمارتوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے بارش کے پانی سے نکاسی آب کے نظام کی ابتری ، گٹروں کے ڈھکن نہ ہونے اور صفائی کی مجموعی صورتحال پر عدم اطمینان اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ گٹروں پر فوری طورپر ڈھکن نصب کئے جائیں ، نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور بلڈ کوڈ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی عمارتوں کے خلاف کاروائی کی جائے، وزیراعلیٰ نے ٹریفک کے نظام کی بہتری کی بھی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، لہذا ان اداروں کو ہر صورت اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کی موجودہ صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :