بھارت کے خلاف فائنل میں کامیابی کیلئے ٹیم کو سر توڑ کوشش کرنا ہوگی ‘ بنگلہ دیشی کپتان

ہفتہ 5 مارچ 2016 13:09

بھارت کے خلاف فائنل میں کامیابی کیلئے ٹیم کو سر توڑ کوشش کرنا ہوگی ‘ ..

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مارچ۔2016ء) بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان اور فاسٹ باؤلر مشرفی مرتضی نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف فائنل میں کامیابی کیلئے ٹیم کو سر توڑ کوشش کرنا ہوگی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ میں عمدہ کارکردگی کا فائدہ ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ضرور ہوگا، انہوں نے کہا کہ فائنل میں بھارت کو شکست دیکر قوم کو تحفہ دینگے ‘کافی عرصہ کے بعد شائقین کے چہروں پر اتنی خوشی دیکھی ہے، اس سے قبل 2012ء میں بنگال ٹائیگرز نے بھارت کو اپ سیٹ شکست دی تھی جس پر بنگالی شائقین نے خوب جشن منایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان جیسی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور اب فائنل میں بھارت کے خلاف فائنل معرکے میں کامیابی کیلئے بے تاب ہیں، بنگلہ دیش نے ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی کے فائنل میں جگہ بنا کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔ بنگلہ دیشی کپتان نے کہا کہ ٹیم کے میگا ایونٹ کے فائنل تک رسائی پر فخر ہے، بلاشبہ یہ ہمارے لئے بہت بڑی تبدیلی ہے اور یہ مستقبل میں مزید کامیابیوں کی طرف اہم پیشرفت ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتوحات ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے اور اگلے فائنل میچ میں بھی کھلاڑیوں سے بہترین کھیل کی توقع ہے۔