شیر سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی ‘ جس نے شیر کو ووٹ دیا شیر پہلے اسے مارے گا پھر آگے بڑھے گا ‘ سید خورشید شاہ

ہفتہ 5 مارچ 2016 15:35

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مارچ۔2016ء) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایک بار پھر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیر سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی ‘ جس نے شیر کو ووٹ دیا شیر پہلے اسے مارے گا پھر آگے بڑھے گا ‘حکمرانوں کے دماغوں پر میٹروبس اور اورنج ٹرین چھائی ہے ‘(ن )لیگ والے ابھی تک ذہنی نابالغ ہیں ‘ حکومت ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبو ر نہ کرے ۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ (ن )لیگ والے بڑے نہیں ہو رہے ، ابھی تک ذہنی نابالغ ہیں۔ شیر اپنے ہی ووٹروں کو کھائے جا رہا ہے ‘اس سے خیر کی توقع نہیں۔ سیدخورشید شاہ نے طنزاً کہا کہ بچے بھی گھرمیں بس اور ٹرین کی ضدکرتے ہیں اورحکمرانوں کے دماغوں پر بھی میٹرو بس اور اورنج ٹرین چھائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں بیٹھ کرکنٹینرکی مخالفت کی اوراسے شکست دی،تاجر براداری ناراض ہے کہ ہم ان کیلئے اسمبلی میں بولتے نہیں ہیں ‘ ہم تو اسمبلی میں بولتے ہیں مگرسب نہیں دکھایاجاتا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لو گوں کوسیاسی آگاہی دیناچاہتاہوں،پیٹرولیم مصنوعات پرٹیکسز کی بھرمارہے ‘ملک میں زراعت اورٹیکسٹائل کی صنعت تباہ ہوگئی ہے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں ڈیزل کا استعمال 80فیصد ‘ پٹرول کا صرف بیس فیصد ہے ،ملک میں برآمدات میں 25فیصد کمی آئی ہے ،حکومت نے ڈھائی سال میں4ہزار500ارب کاقرضہ لیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبو ر نہ کرے ،نئے ٹیکسز لگا کر کوئی فائدہ ہوتا تو تاجر برادری کے سامنے ہاتھ جوڑ نے کو تیا رہوں ،مطالبہ کرتاہوں کہ ٹیکسوں کو بڑھانے کی بجائے ختم کیا جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایمنیسٹی سکیم چوروں ‘ٹھگوں اورمنشیات فروشوں کی مددکریگی ‘پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقاربھٹو نے کبھی سودے بازی نہیں کی۔