الطاف حسین کو لوگوں کو دھوکہ دینے کے بجائے سچ بولنا چاہیے ‘ بلدیہ حادثے میں سگا بھائی شامل ہو تو سزا ملنی چاہیے ‘مصطفی کمال

ہفتہ 5 مارچ 2016 15:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مارچ۔2016ء) سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ الطاف حسین کو لوگوں کو دھوکہ دینے کے بجائے اب سچ بولنا چاہیے ،بلدیہ حادثے میں سگا بھائی بھی شامل ہو تو اسے بھی سزا ملنی چاہیے،انیس قائم خانی اگر ملوث ہوں تو پہلے مجھے پھانسی دی جائے، ہر فرعون، نمرود اور یزید کو جانا پڑا ہے، کوئی دنیا میں نہیں رہا،میرے پاکستان واپس آنے کا مقصد ٹیک اوور کرنا نہیں بلکہ عوام کو دعوت دیناہے،برائی روک نہیں سکتا تو چھوڑ تو سکتا ہوں،کوئی کونسلر شپ نہیں چھوڑتا میں نے سینیٹر شپ پر لات ماری۔

ایک انٹرویو میں مصطفی کمال نے کہا کہ متحدہ کے قائد الطاف حسین لوگوں سے جھوٹ بول رہے ہیں ،لوگوں کو دھوکہ دینے کے بجائے اب سچ بولنا چاہیے ،متحدہ کے بارے میں پاکستانیوں کو سب پتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم محب وطن لوگ ہیں اور را کے ایجنٹ کہلانے لگے ہیں ،انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان واپس آنے کا مقصد ٹیک اوور نہیں کرناہے بلکہ عوام کو دعوت دیناہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ وہ برائی کو روک نہیں سکتے لیکن برائی چھوڑ تو سکتے تھے اس لئے انہوں نے یہاں سے جانے کافیصلہ کیا ،لوگ تو کونسلر شپ نہیں چھوڑتے لیکن میں نے سینیٹرشپ چھوڑ دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ واپس نہیں آنا چاہتا مگر سلسلہ رک نہیں رہا، میرا پیغام ہے کہ ضمیر کی آواز سنیں، کسی انسان کو خدا نہ مانیں، تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سیکیورٹی نہیں دے سکتا، ہو سکتا ہے کہ قائد ایم کیو ایم مجھے مارنے یا روکنے کیلئے بول رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بارے میں پاکستان کے لوگوں کو سب پتہ ہے، کوئی کونسلر شپ نہیں چھوڑتا میں نے سینیٹر شپ پر لات ماری، برائی روک نہیں سکتا تھا لیکن برائی چھوڑ تو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد تقریروں میں اپنے لوگوں سے جھوٹ بولتے ہیں، ہم نے سوچا اور پاکستان آ گئے، کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی ،ہر فرعون، نمرود اور یزید کو جانا پڑا ہے، کوئی دنیا میں نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ مائنس ون فارمولے کو نہ دیکھیں ہر کسی کو جانا ہے جس دن مرنا ہو گا مر جاوٴں گا، سیکیورٹی فضول چیز ہے، گلی گلی خون بہانے کی باتوں سے گریز کرنا چاہیے، میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں، ہم توڑنے نہیں جوڑنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے محب وطن لوگ مجھ سے رابطہ کر رہے ہیں،برے لوگوں سے نفرت نہیں ان کے اعماد کو برا کہتے ہیں، بلدیہ حادثہ میں سگہ بھائی بھی ملوث ہو تو اسے بھی سزا دی جائے، انیس قائم خانی اگر ملوث ہوں تو پہلے مجھے پھانسی دی جائے، بلدیہ سانحہ میں انیس قائم خانی اور عماد صدیقی کا کوئی تعلق نہیں مجھے نہیں معلوم بلدیہ سانحہ میں کون ملوث ہے، میں انیس قائم خانی اور عماد صدیقی کی وکالت کر رہا ہوں، بلدیہ سانحہ سے متعلق سیکیورٹی اداروں کی مدد کر سکتے ہیں، الزام لگانے والا بلدیہ فیکٹری کا مالک ملک سے فرار ہے۔