وزیر اعظم نواز شریف کی سعودی فرمانروا سے ملاقات ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی ہمراہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 11 مارچ 2016 11:34

وزیر اعظم نواز شریف کی سعودی فرمانروا سے ملاقات ، آرمی چیف جنرل راحیل ..

سعودی عرب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مارچ 2016ء) : وزیراعظم نوازشریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کنگ خالد ملٹری سٹی میں ہوئی، ملاقات میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے ، ملاقات میں سعودی فرمانرواں شاہ سلمان سے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف نے 21 ممالک کی نارتھ تھنڈر فوجی مشقوں کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی اور فوجی دستوں کی مہارت کا عملی مظاہرہ دیکھا۔ سعودی فرمانروا نے وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں کہا کہ فوجی مشقوں کے ذریعے سعودی عرب اور پاکستان کی مسلح افواج میں اعتماد اور تعاون بڑھانے کا موقع ملا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے بھی فوجی مشقوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان فوجی مشقوں سے اسلامی ممالک کے اتحاد کو فروغ ملے گا جبکہ فوجی مشقوں کے ذریعے تمام ممالک کے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف عزم کو بھی تقویت ملی۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور سعودی وزیردفاع کے مابین بھی اہم ملاقات ہوئی ، جس میں علاقائی سکیورٹی، دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین تعاون سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔