پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا اصولی فیصلہ کر لیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 مارچ 2016 16:13

پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔11مارچ2016ء ) پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئر مین نجم سیٹھی نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے قومی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جس کے بعد چوہدری نثار نے پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دے دی ہے ۔

نجم سیٹھی کا مزید کہنا تھاکہ چوہدری نثار سے ملاقات میں انہیں آئی سی سی اور بی سی سی آئی سے ہونے والے تمام رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا تھاا ور بھارت میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھی بھارتی سیکریٹری داخلہ سے ملاقات کے بعد چوہدری نثار کو فون پر بریف کیا جس کے بعد قومی ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹونٹی کے لیے بھارت بھیجنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قیام پذیر قومی ٹیم ممکنہ طور پر آ ج رات 3بجے دوحا کے راستے کولکتہ کے لیے روانہ ہو گی جہاں اس کا کل شیڈول وارم اپ میچ منسوخ ہونے کے باعث کھلاڑی ٹریننگ کریں گے ۔ 16مارچ کو قومی ٹیم ممکنہ طور پر ایونٹ میں اپنا پہلا میچ ممکنہ طور پر بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان اور بھارت کے مابین ہائی وولٹیج مقابلہ 19مارچ کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا ۔



اس سے قبل پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کے لیے بھارت جانے کی اجازت دینے یہ نہ دینے کا فیصلہ کرنے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئر مین نجم سیٹھی سے اہم ملاقات کی ۔

چوہدری نثار کا وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثا ر علی خان نے سعودی عرب میں موجود وزیر ا عظم نواز شریف سے بھی رابطہ کرکے اس معاملے پر مشاورت کی ۔

وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان نے ٹیلی فون کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو بھارت کی جانب سے آنے والے جواب سے آگا ہ کرنے کے ساتھ ساتھ قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے یا نہ بھیجنے کے بارے میں مشاورت کی ۔

بھارت کی طرف سے یقین دہانی
اس سے قبل آج صبح آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے بعد بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں مکمل سیکیوٹری دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھارت کی مرکز ی حکومت کی جانب سے پاکستانی کر کٹ ٹیم کی سیکیورٹی کی یقین دہانی مانگی تھی اور انکا کہنا تھا کہ جب تک بھارت کی مرکزی حکومت پاکستانی کر کٹ ٹیم کیسیکیورٹی کی یقین دہانی نہیں کرواتی تب تک پاکستانی ٹیم بھارت نہیں جائے گی جس کے بعد بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستانی ٹیم کو بھارت میں مکمل سیکیورٹی دینے کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کوبھارت میں مکمل سکیورٹی دی جائیگی، بھارت میں جوبھی آئیگامحفوظ ر ہے گا ۔

دوسری جانب بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینر جی نے ایک مراسلے کے ذریعے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کو ہندوستان میں قیام کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ اس سے قبل راجیو شکلا اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے پی سی بی کو لکھے گئے خط میں سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر شہریار خان نے بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے یا نہ جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ ہی کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کسی اعلیٰ عہدیدار سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرانے کا مطالبہ کیا تھا جو اب پورا ہو گیا ہے اور اب پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی میڈ شرکت کے لیے آج رات بھارت روانہ ہوگی ۔