فاروق ستار نے ایم کیو ایم کو پیپلزپارٹی کی ساس قرار دیدیا

ایک گھر میں رہ کرساس، نند اور دیور کے نخرے اٹھانا پڑتے ہیں‘ سیاسی پارٹیوں میں بھی ساس بہو کا رشتہ بدلتا رہتا ہے کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ فاروق ستار

جمعہ 11 مارچ 2016 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کو پیپلزپارٹی کی ساس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک گھر میں رہ کرساس، نند اور دیور کے نخرے اٹھانا پڑتے ہیں‘ سیاسی پارٹیوں میں بھی ساس بہو کا رشتہ بدلتا رہتا ہے کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی۔ جمعہ کو فاروق ستار نے ایم کیو ایم کو پیپلز پارٹی کی ساس قرار دے دیا۔

کہتے ہیں گھر میں ساس کے ساتھ امن سے رہنا پڑتا ہے۔ نند اور دیور کے نخرے بھی اٹھانا پڑتے ہیں۔ صفائی کے ساتھ لوگوں کی ذہن سازی بھی کر رہے ہیں۔ کراچی کو ایشیا کا صاف ترین شہر بنائیں گے۔ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار سیاست تو خوب کرتے نظر آتے ہیں لیکن لگتا ہے فارغ اوقات میں ٹی وی ڈرامے بھی دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

کبھی وہ اپنی تقریر میں حکومت پر طنزیہ انداز میں ڈرامہ ‘‘میرا سلطان’’ کا ذکر کرتے ہیں تو کبھی نئے ڈائیلاگ کے ساتھ چٹکلا چھوڑتے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے آج بھی کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں کچھ ایسا ہی کر ڈالا۔ سیاسی جماعتوں کے رشتے کو ’’ساس اور بہو‘‘ کا رشتہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک گھر میں رہ کرساس، نند اور دیور کے نخرے اٹھانا پڑتے ہیں۔ سیاسی پارٹیوں میں بھی ساس بہو کا رشتہ بدلتا رہتا ہے کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی۔