ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری مختلف حادثات میں مزید 16 افراد جاں بحق متعدد زخمی

شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی قبائلی علاقوں کا ملک کے دوسرے حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی شاہراہ قراقرم بھی بند آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

اتوار 13 مارچ 2016 14:34

اسلام آباد /پشاور /مظفر آباد /گلگت /چترال /کراچی /کوئٹہ /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مارچ۔2016ء) آزاد کشمیر گلگت بلتستان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا مختلف حادثات میں مزید 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی قبائلی علاقوں کا ملک کے دوسرے حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا شاہراہ قراقرم بھی بند ہوگئی جبکہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر گلگت بلتستان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا ڈیرہ غازی خان تونسہ اور قبائلی علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جس سے وادی چنالہ یونین کونسل فاضلہ کچھ اور مبارکی سمیت کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا مقامی انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کا بندوبست نہ کیے جانے کے باعث بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ادھرتازہ واقعا ت میں گوجر خان میں بھی مکان کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق اورایک بچی زخمی ہوئی راولپنڈی میں مکان کی چھت گرنے سے 2بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے دوسری جانب بھکر میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا خاتون اور 2 بچے زخمی ہوگئے مردان میں بارش کے باعث دو مکانوں کی چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے واقعات میں زخمی ہونے والے پانچوں افراد کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا مردان کے علاقے ہاتیان میں چھت گرنے سے 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی ۔

چارسدہ روڈ پر چھت گرنے سے دو ماہ کی بچی بھی دم توڑ گئی ۔ چھتیں گرنے اور مختلف حادثات میں 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ ادھر بنوں کے علاقے بکا خیل میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے دو بھائی لقمہ اجل بن گئے ۔ مہمند ایجنسی کے علاقہ چنگئی میں بوسیدہ چھت نے ایک شخص کی جان لے لی لاہور میں کارخانے کی چھت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق ، ایک زخمی ہوگیا ۔

بہاولنگر منڈی صادق گنج میں موسلادھار بارش سے گرنے والی چھت نے خاتون کی جان لے لی ، کلور کوٹ میں بھی دو بھائی اور دو بہنیں زخمی ہوگئیں ادھر جہلم میں بارش کے باعث میمنیان کا رابطہ پل ٹوٹ گیا چمن سمیت متعدد علاقوں میں بارشوں سیکئی سڑکیں پانی میں بہہ گئی سوات کے بالائی علاقوں پر برف باری اور بارش کے باعث مینگورہ شہر کے وسط میں بہنے والی ندی کے بہاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ادھر لوئردیرمیں گزشتہ روزسے جاری بارشوں سے دریائے پنچ کوڑہ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال رہی جزوی نقصان پہنچنے پرخزانہ بائی پاس پل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیالینڈ سلائیڈنگ سے کوہستان میں ثمرنالے کے قریب شاہراہ قراقرم بند ہوگئی آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں رابطہ سڑکوں کا دوسرے علاقوں سے رابطہ ٹوٹ گیا محکمہ موسمیات کے مطابق متواتر بارش سے گلبہار اندرون شہر اور دیگر نشینہ علاقے زیر آب آگئے ہیں محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ ہفتے سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہا وادی میں سردی میں اضافہ ہوا ۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ،ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے دوسری جانب صوبائی حکومت اور بلوچستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور متعلقہ اضلاع مین مانیٹرنگ سیل قائم کر کے بارش کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رتارہا اور متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے فورکاسٹنگ آفیسرامجد محمود کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کشمیر اسلام آباد بالائی پنجاب(سرگودھا راولپنڈی گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن ) بالائی خیبرپختونخواہ (مالاکنڈ ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن) اور فاٹا میں کہیں کہیں گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے اس دوران فاٹا ،کشمیر اسلام آباد راولپنڈی گوجرانوالہ،مالاکنڈ ہزارہ، پشاور ڈویژن میں چند ایک مقامات پر موسلادھار بارش ہزارہ ڈویژن اور خطہ پوٹھوار میں چند مقامات پرژالہ باری کی بھی توقع ہے اسلام آباد میں پولن کی مقدار 429 فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

اپنے بیان میں انکا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخواہ، پنجاب،کشمیر اور اسلام آباد میں اکثر مقامات پر جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخواہ چراٹ 79 ، مالم جبہ73 ، دیر54 ، لوئردیر47 ،پٹن39 ، سیدوشریف34 ، کالام 27 ، پشاور سٹی 26 ، چترال، بالاکوٹ25 ، میرخانی21 ، دروش20 ، کوہاٹ، پاراچنار17 ، کاکول16۔

راولاکوٹ 80،مظفر آباد 48، کوٹلی 28 ، گڑھی دوپٹہ 24 . اسلام آباد(زیروپوائنٹ 72، سید پور 63، بوکڑہ 37، گولڑہ 39)، راولپنڈی ( شمس آباد 57، چکلالہ 46)منڈی بہاولدین، سرگودھا46 ، مری 45 ، منگلہ26 ، سیالکوٹ کینٹ24 ، جہلم 20 ، بہاولنگر، ڈی جی خان 18 ، لاہورائیرپورٹ17 ، کوٹ اددو، فیصل آباد16 ، لاہور سٹی، چکوال، نورپورتھل 15 ، جھنگ12 ، قصور 11 ،سیالکوٹ ائیرپورٹ08 ، لیہ، ملتان04 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا لاہور میں 21، کراچی 29، پشاور 18، کوئٹہ16 اور راولپنڈی میں18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :