حقوق نسواں قانون پر مذاکرات نہیں ہوں گے ‘حکومت قانون واپس لے‘مولانا سمیع الحق

نوازشر یف وعدوں سے مکر جاتے ہیں ان پر اعتبار نہیں ‘نواز شریف نے دینی طبقات سمیت پوری قوم کی امیدوں کو مجروح کر دیا ‘ (ن) لیگ حکومت ملک کے اسلامی تشخص کے خلاف کام کر رہی ہے ‘پاکستان اسلام کے لیے بنا تھا لبرل اور سیکولر بننے کے لیے نہیں‘تحفظ خواتین بل سے خاندانی نظام تباہ ہو جائے گا جے یوآئی (س) کے سر براہ مولانا سمیع الحق کی عاصم مخدوم کے ہمراہ کارکنوں سے گفتگو

اتوار 13 مارچ 2016 15:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مارچ۔2016ء) جے یوآئی (س) کے سر براہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ نوازشر یف وعدوں سے مکر جاتے ہیں ان پر کوئی اعتبار نہیں ‘حقوق نسواں قانون پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے حکومت اسکو فوری واپس لے‘نواز شریف نے دینی طبقات سمیت پوری قوم کی امیدوں کو مجروح کر دیا ہے اور (ن) لیگ حکومت ملک کے اسلامی تشخص کے خلاف کام کر رہی ہے ‘پاکستان اسلام کے لیے بنا تھا لبرل اور سیکولر بننے کے لیے نہیں‘تحفظ خواتین بل سے خاندانی نظام تباہ ہو جائے گا‘مغرب کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کا اسلامی تشخص تباہ کیا جا رہا ہے۔

تمام دینی قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا جس کے لیے کوشش کر رہے ہیں‘حکمرانوں نے کر پشن نہیں کی تو چیخ کیوں رہے ہیں ؟۔

(جاری ہے)

جے یو آئی (س) کے مر کزی سیکرٹر ی اطلاعات مولانا عاصم مخدوم کے ہمراہ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ شریف برادران سے یہ توقعہ نہیں تھی کہ وہ بھی مشرف کی طرح یو ٹرن لے کر لبرل بنیں گے‘ امید تھی کہ جب بھی پاکستان کے تشخص کو خطرہ ہوا تو نواز شریف دفاع کریں گے مگر بد قسمتی سے وہ یوٹرن لے چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے لیے بنا تھا لبرل اور سیکولر بننے کے لیے نہیں‘ تحفظ خواتین بل سے خاندانی نظام تباہ ہو جائے گا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا مشرف نے حدود آرڈیننس میں ترمیم کر کے حقوق نسواں بل کے نام پر فحاشی اور عریانی پھیلائی۔ ہم نے بڑی مشکل سے ضیاالحق کے دور میں حدود آرڈیننس نافذ کروایا تھا۔انہوں نے کہا کہ مغرب کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کا اسلامی تشخص تباہ کیا جا رہا ہے۔ تمام دینی قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا جس کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم اور اس طرح کی سیکولر قوتوں کا بکھرنا ہمارے لیے فائدے میں ہے۔