ورلڈ ٹوئنٹی 20، 5 ٹاپ کرکٹرز ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں

اتوار 13 مارچ 2016 15:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) ورلڈ ٹوئنٹی 20میں شریک 5 ٹاپ شہرہ آفاق کرکٹرز ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔ بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اس طرز کے تمام ایونٹس میں قومی ٹیم قیادت کرنے والے دنیا کے واحد کپتان ہیں،2007 کے افتتاحی ایونٹ کے فاتح بن کر وطن واپس لوٹنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین 9سال بعد بھارت کو دوسری مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والا دنیا کا پہلا ملک بنانے کے خواہاں ہیں، تحمل مزاجی کے لیے مشہور کپتان ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔

شاہد آفریدی کو تمام ورلڈ ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹس میں شرکت کا منفرد اعزاز حاصل ہے، یونس خان کی قیادت میں 2009کا میگا ایونٹ جیتنے والی ٹیم میں ان کا کردار اہم تھا، انہوں نے 2010 میں ٹیسٹ اور گزشتہ ورلڈکپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا، بوم بوم کی عرفیت رکھنے والے جارح مزاج آل راونڈر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے چکے ہیں، تاہم حتمی فیصلہ باقی ہے۔

(جاری ہے)

سری لنکن لیستھ مالنگا ٹوئنٹی20 کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، 2سال قبل ان کی قیادت میں سری لنکن ٹیم نے اس فارمیٹ میں چیمپئن کا تاج بھی سر پر سجایا تھا، شاندار یارکر کرنے کی صلاحیت نے ا نہیں آئی لینڈرز کی فتوحات کا مرکزی کردار بنا دیا تاہم اس دوران انجریز کے سبب ان کی فارم اور کارکردگی کو تواتر کے ساتھ دھچکے لگتے رہے۔

فٹنس مسائل کے سبب ہی انہوں نے 2011 میں ہی ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ مالنگا نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اگر اپنے کیریئر کے اس موقع پر کسی انجری کا شکار ہوتا اور ایک سے ڈیڑھ سال کا وقفہ لیتا ہوں تو یہ ممکنہ طور پر میرے کیریئر کا اختتام ہو گا، اس بار پیسر کو کپتان بنایا گیا تھا لیکن اینجیلو میتھیوز کے حق میں دستبردار ہوگئے۔واٹسن کو ون ڈے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی واپسی کے امکانات اب بہت کم ہیں لیکن بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر شاندار کھیل پیش کیا اور بھارت کیخلاف سیریز کیلئے سکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے، اب ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے لیے منتخب کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

”دل سکوپ“ جیسے نئے شاٹ کے موجد تلکارتنے دلشان کا طویل کیریئر خصوصاً ٹوئنٹی20 کامیابیوں سے عبارت ہے اور اس فارمیٹ کے ماہر بیٹسمین تصور کئے جاتے ہیں، تاہم سابق سری لنکن کپتان اب زیادہ عرصے تک ریٹائرمنٹ کو نہیں ٹال سکتے اور ممکنہ طور پر میگا ایونٹ کے بعد کرکٹ کو خیرباد کہہ سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :