سیالکوٹ میں حالیہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کی زیر صدارت اجلاس‘مخدوش عمارتیں سر بمہر کرنے کا فیصلہ

اتوار 13 مارچ 2016 16:59

سیالکوٹ۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء)ضلع سیالکوٹ میں جاری شدید بارشوں کی حالیہ لہر کے دوران کسی بھی ناخوشگواراور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹی ایم ایز،محکمہ صحت ،محکمہ تعلیم، سول ڈیفنس، محکمہ مال، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرڈیپارٹمنٹ ، پولیس اورریسکیو1122 ہمہ وقت چوکس رہے اور اپنی تمام تر تیاریاں مکمل رکھیں۔

یہ ہدایات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیالکوٹ عمر شیر چٹھہ نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسڑمینجمنٹ اتھارٹی سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ راوٴ سہیل، ڈی او ایمرجینسی سیالکوٹ کمال عابد، ٹی ایم او ڈسکہ عبدالحمید قاسم، ایکسئین پی ایچ ای ڈی سیالکوٹ ناصر صادق، ڈی او ہیلتھ سیالکوٹ ڈاکٹر محفوظ الرحمن، ڈی او بلڈنگ سیالکوٹ بابرحسین، ایس ڈی او پرونشل بلڈنگ سیالکوٹ زاہد امان وڑائچ اورایم ایس علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ڈاکٹر خالد فیض کے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر سیالکوٹ عمر شیر چٹھہ نے کہاکہ شدید بارشوں کے پیش نظر خطرناک عمارتوں کو فوری طور پر خالی کروایا جائے تاکہ عمارتوں کے گرانے سے جانی نقصان سے بچا جاسکے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے مقامی حکام کو ہدایت کی خستہ حال اور مخدوش سکولوں کے عمارتوں میں بچوں کو نہ جانے دیں اور ایسے خطرناک اکیڈیمک بلاک اور کلاس رومز کو سیل کردیں اورتعلیمی اداروں کے سربراہان کو اس امر کا پابند بنائیں کے وہ خطرناک ڈکلیئر کئے گئے کلاس روم کو ہرگز استعمال نہ کریں۔

اے ڈی سی نے ٹی ایم ایز کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہری علاقوں سے بارشی پانی کے فوری نکاس کیلئے شہر کے نشیبی علاقوں میں ایمرجینسی رین سنٹر قائم کریں اور وہاں پر عملہ اور ضروری مشینری کی دستیابی کویقینی بنائیں۔ انہوں نے ریسکیو1122کے مقامی حکام کو تلقین کی کہ وہ ممکنہ سیلاب کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے کشتیوں اور لائف سیونگ جیکٹس کو اسٹینڈ بائی رکھیں۔

انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک ، صحت کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں اور ویٹرنری مراکز پر ادویات کا مناسب ذخیرہ رکھیں اور ضرورت پڑنے پر جانوروں کے چارہ کی فوری فراہمی کیلئے متعلقہ کمپنیوں سے قریبی رابطہ بنائے رکھیں۔ اے ڈی سی نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دفاترمیں ڈیوٹی روسٹر آویزاں رکھیں اور چھٹی کے روز بھی دفاتر کھلے رکھیں۔