عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم ،بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشی بند کروائے،وزیر اعظم آزاد کشمیر کی عالمی برداری سے اپیل

اتوار 13 مارچ 2016 17:33

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے بین الاقوامی دنیا سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم کرائے اور مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشی بند کروائے اور قابض بھارت کو طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور 70 سالوں سے بنیادی حقوق حاصل کرنے والے ریاستی عوام کو بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقوق دلوائیں ۔ حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر حقیقی موقف اپنایا اس پر وزیر اعظم میاں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کر رکھا ہے اور بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف تاریخ کی لازوال قربانیاں دے کر کشمیر ایشوء کو دنیا کا فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے ۔

بیس کیمپ کی حکومت شہداء کی وارث ہے ۔بیس کیمپ کی حکومت اور عوام شہداء کے مقدس لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط برقرار رکھنے کے تمام منفی ہتھکنڈے ناکام ہونگے بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے کشمیر یوں کی آزادی کا راستہ اب نہیں روکا جا سکتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک فوجی چھاونی کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔ جہاں پر بھارتی افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی اور الحاق پاکستان تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں جمہوریت پوری طرح جڑین پکڑ چکی ہے ۔ ادارے مستحکم ہیں اور موجودہ حکومت کو پارٹی اور عوام کا بھرپو ر اعتماد حاصل ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ساڑھے چار سالوں کے دوران میگاپراجیکٹس لگائے اور مثالی تعمیر وترقی کی ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے انتقامی کارروائیوں کی سیاست کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دی اور پارٹی کے انتخابی منشور کے مطابق ہر شعبہ زندگی کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔

۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ترقی و خوشحالی ہمارا ایجنڈاہے الزام تراشیوں کی سیاست کو اس ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے ۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دئیے مزید پراجیکٹس دیں گے جس سے آزادکشمیر کے عوام کا مقدر سنوار دیں گے آزادکشمیر کے عوام نے تعمیر و ترقی و خوشحالی کے جو خواب دیکھے تھے ان سب کو تعبیر دیں گے آزادکشمیر کو ماڈل اسٹیٹ بنا دیں گے ۔

وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت عوام کے حقوق کابھرپورتحفظ کررہی ہے عوامی حقوق پرکبھی کمپرومائزنہیں کریں گے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ماضی میں عوام کااستحصال کرنے والے حکومت کے میگاپراجیکٹس سے خوفزدہ ہیں۔ انھیں ہماری تعمیروترقی ہضم نہیں ہورہی اوراس کے باعث ہم پر کرپشن کا واویلاکیا جارہاہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے ایجنڈے پرعمل پیراہے۔ 2016 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی دوتہائی اکثریت حاصل کرے گی۔