شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی مرحوم کی دسویں برسی 19مارچ کو منائی جائے گی

اتوار 13 مارچ 2016 17:38

شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی مرحوم کی دسویں برسی 19مارچ کو منائی جائے ..

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) معروف اداکار و شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی مرحوم کی دسویں برسی 19مارچ کوملک بھر کے فلمی حلقوں میں منائی جائے گی اس موقع پر قرآن خوانی ہو گی اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی۔ ایک عالمی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اداکار محمد علی ایشیاء کے25بہترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہیں ۔

لیجنڈ اداکار محمد علی 19اپریل 1931ء کو بھارت کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے انہوں نے اپنے فنی کیرئر کا آغاز ریڈیو پاکستان کراچی سے کیا انہوں نے پونے تین سو کے قریب فلموں میں کام کیا جن میں اردو،پنجابی،پشتو ،بنگالی اور ہندی فلمیں شامل ہیں فلم ” چراغ جلتا رہا “ ان کے فلمی کیرئر کی پہلی فلم تھی انہیں فلم دوریاں پر سپیشل ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

محمد علی سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے انہوں نے سابق صدر جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت میں جیل بھی کاٹی تھی ادا کار محمد علی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ لاہور میں منعقد ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کے دوران سعودی عرب کے بادشاہ شاہ فیصل مرحوم نے ان کے بنگلے پر قیام کیا تھاان کے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات تھے وہ ان کی حکومت میں ثقافت کے مشیر بھی رہے ہیں ۔ فلم ” دم مست قلندر “ ان کی زندگی کی آخری فلم تھی ان کا انتقال 19مارچ 2006ء کو دل کے دورے کے باعث ہوا ان کی عمر 75برس تھی۔