کوہاٹ ‘جنگل خیل میں زبانی تکرار پر گولیاں چل گئیں‘2بھائیوں سمیت 3 افراد قتل‘جاں بحق ہونیوالوں میں افغانی بھی شامل

اتوار 13 مارچ 2016 20:54

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13مارچ۔2016ء) کوہاٹ کے علاقہ جنگل خیل میں ذبانی تکرار پر دو بھائیوں سمیت تین افراد کوفائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔جاں بحق ہونیوالوں میں ایک افغان باشندہ بھی شامل ہے۔مسلح ملزمان بیٹھک میں گھس کر مخالف فریق کے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کرکے واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے ۔

پولیس نے چار نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے علاقہ جنگل خیل کے موضع ایس پی سکندر خان محلہ میں گزشتہ شب مبینہ ملزمان یوسف خان ولد عبدالجلیل،قاسم ا و رعاصم پسران مکرم خان اور وحید خان ولد محمود خان نے مخالف فریق کے بیٹھک میں گھس کر وہاں موجود افراد پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جسکے نتیجے میں محمد سلیمان، محمد حسن گل پسران نسیم خان اور افغان مہاجر حبیب موقع پر دم توڑ گئے ۔

(جاری ہے)

واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے کوہاٹ ڈویژنل کے ڈی اے ہسپتال لائی گئیں جبکہ بعد ازاں جاں بحق افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالہ کردی گئیں۔واقعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد قبضے میں لیکر مقتولین کے چچا زاد رفیع اللہ ولد ثناء اللہ کی مدعیت میں فائرنگ کا واقعہ چند یوم قبل ملزمان اور مقتولین کے مابین ہونے والی ذبانی تکرار کا شاخسانہ قرار دیکر چار نامزد ملزمان یوسف خان،قاسم،عاصم اور وحید کے خلاف تہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے روپوش ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔