افغان امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں،برطانیہ ، افغانستان کے امن مذاکرات کیلئے پاکستان اورایران سمیت دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، برطانیہ افغان حکومت اورسیکیورٹی فورسز کی حمایت جاری رکھے گا، افغانستان میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے تا ہم حالات مستحکم ہونے میں وقت لگے گا ،افغانستان میں برطانوی سفیر ڈومینک جرمی کا افغان ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 13 مارچ 2016 23:41

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13مارچ۔2016ء) برطانیہ نے افغان امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے امن مذاکرات کیلئے پاکستان اورایران سمیت دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، برطانیہ افغان حکومت اورسیکیورٹی فورسز کی حمایت جاری رکھے گا، افغانستان میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے تا ہم حالات مستحکم ہونے میں وقت لگے گا ۔

(جاری ہے)

افغانستان میں برطانوی سفیر ڈومینک جرمی نے افغان ٹی وی ”تولو نیوز“ کودیئے گئے انٹرویو میں کہاکہ برطانیہ افغانستان کے امن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے افغانستان میں امن خطے کے استحکام کے لئے ضروری ہے ۔افغانستان میں امن کے قیام کے لئے روس سمیت علاقائی ممالک کا کردار بہت اہم ہے ۔ انھوں نے کہاکہ برطانیہ ،پاکستان اور ایران سمیت دیگر علاقائی ممالک کے ساتھ افغان امن مذاکرات کے حوالے سے رابطے میں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ برطانیہ افغان سیکیورٹی فورسز کی حمایت جاری رکھے گا ، ہم افغان حکومت کی مدد اور اس کی سیکیورٹی فورسز کی تربیت کے لئے کوشش کر رہے ہیں تا کہ وہ اپنے ملک کا دفاع خود کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے تا ہم ملک کے حالات مستحکم ہونے میں وقت لگے گا ۔