ایواڈز پروگرام ،تقاریب میں رقص میں کوئی دلچسپی نہیں،جان ابراہم

پیر 14 مارچ 2016 11:30

ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء) بالی وڈ اداکار جان ابراہم نے کہا ہے کہ انہیں ایواڈز پروگرام میں شرکت کرنے اور تقاریب میں معاوضہ لے کر رقص کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں جان ابراہم نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کچھ اصول بنائیں ہیں، جن پر وہ سختی سے عمل کرتے ہیں اور شادیوں، پارٹیوں میں نہ ناچنا ان میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیروں کی شادی میں پیسے لے کر ناچنا میرے لیے شرمندگی کی بات ہے۔ اگرچہ کچھ اداکار اسے آرٹسٹ کا کام کہہ کر صحیح قرار دیتے ہیں تاہم میں ایسا کر کے اپنی راتوں کی نیند سے محروم نہیں ہونا چاہتا۔جہاں تک ایواڈز کی بات ہے تو ان کا کہنا ہے کہ یہ ایوارڈز اب قابل اعتماد نہیں رہے اورآج کل کے ایواڈز پروگرام صرف ٹیلی ویژن کے سیریل ہیں جہاں صرف ناچ گانا ہی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں دس دس ایواڈز ہوتے ہیں تاہم کسی ایک پر بھی بھروسہ نہیں کر سکتے۔فلموں میں طویل وقفے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں زیادہ فلمیں نہیں، بہترین فلمیں کرنا چاہتا ہوں۔ ویلکم بیک سے پہلے میں نے مدراس کیفے کو بھی پورے سات سال دیے تھے۔ تب کئی لوگوں نے مجھ سے کہا کہ تم بیوقوفی کر رہے ہوتاہم اسی فلم کو 2 نیشنل ایواڈز ملے اس لیے میں اچھی فلموں کے ساتھ ہی اپنا نام شامل کرنا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ جان ان کی نئی فلم ”راکی ہینڈسم“ ہے جس کو انہوں نے پروڈیوس بھی کیا ہے۔