محکمہ ثقافت رچ پراجیکٹ کے تحت پینٹنگز مقابلے

پیر 14 مارچ 2016 12:33

پشاور۔14 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء )محکمہ ثقافت کے علاقائی ثقافت کی بحالی وفروغ کے حوالے سے ثقافتی ورثہ کے احیاء کا پروگرام رچ پراجیکٹ کے تحت ایک روزہ نمائش اور پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیاگیا‘ نمائش میں پختونخوا کالج آف پیس آرٹس عبدالولی خان یونیورسٹی کی طالبہ ہماگل نے پہلی ‘ساتویں جماعت کے طالب علم حسن اختر کی دوسری اور کالج کے طالب علم باسط کی پینٹنگ نے تیسری پوزیشن حاصل کی‘ جیوری کے ممبران پختونخوا کالج آف آرٹس کے لیکچرراسفندیار‘اکبر خان اور الیاس تھے ‘ تحصیل ممبرالیاس خان اور سماجی شخصیت ظاہر شاہ طورو نے پوزیشن حاصل کرنے والوں میں شیلڈز تقسیم کیے آرگنائزر لاسونہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر جہانگیر خان اورعامر خان کے مطابق نمائش میں پچاس فن پارے اور تصاویر رکھی گئی تھیں نمائش کا مقصد رنگوں اور پینٹنگ کے ذریعے صوبے کے مختلف ثقافتوں کو یکجا کرنا تھا اور نوجوان نسل کو ملک کی مختلف ثقافتوں سے آگاہ کرنا تھا‘ نمائش کا مقصد فن پاروں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کو عوام کے سامنے پیش کرنا ہے تاکہ نیوٹیلنٹ کی بھی حوصلہ افزائی ہو طلباء نے نمائش میں رکھی گئیں تصاویر اور ہاتھ سے بنائی گئی پینٹنگز میں خصوصی دلچسپی کااظہار کیااور مصوروں کی کاوشوں کو سراہا۔