مستقبل میں فلم انڈسٹری کو نئے چہرے دینے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ سینئرز کا متبادل تلاش کیا جائے ‘ حسن مراد

پیر 14 مارچ 2016 12:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) فلم ، ٹی وی اور تھیٹر کے سینئر اداکار حسن مراد نے کہا ہے کہ سلطان راہی ( مرحوم ) کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعد فلم انڈسٹری اور خاص طور پر پنجابی فلموں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور سلطان راہی کے انتقال کے بعد کسی نے بھی سنجیدگی کے ساتھ ان کا متبادل تلاش کرنے کی جدوجہد نہیں کی ، صرف ایک اداکار شان کو لے کر ان کی جگہ کر پُر کرنے کی کوشش کی جاتی رہی جبکہ ان کے ساتھ کوئی اور نامور اداکار سامنے نہ آسکا اور اسی وجہ سے فلم انڈسٹری کو نقصان ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے اور پچھلے تین سالوں سے جب سے کراچی میں فلموں کا آغاز ہوا ہے پنجابی فلمیں نہ بننے کے برابر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ سینئر اداکاروں کا متبادل تلاش کریں تاکہ مستقبل میں ہم فلم انڈسٹری کو نئے سپر سٹار دے سکیں ۔