ڈونلڈٹرمپ کے غبارے سے ہوا نکلنے لگی‘تین ریاستوں میں عبرتناک شکست

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 مارچ 2016 13:43

ڈونلڈٹرمپ کے غبارے سے ہوا نکلنے لگی‘تین ریاستوں میں عبرتناک شکست

واشنگٹن(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14مارچ۔2016ء)امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے کوشاں ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک امیدوار برنی سینڈرز اور ان کے حامیوں پر الزم عائد کیا ہے کہ انھوں نے ٹرمپ کی طرف سے شکاگو میں منعقد کی جانے والی ریلی کو ایک منصوبے بندی کے تحت سبوتاژکیا ۔

ٹرمپ نے شکاگو میں ایک ریلی سے خطاب کرنا تھا لیکن اس سے پہلے ہی ٹرمپ کے حامیوں اور ان کے مخالفین کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا جس کے بعد پولیس نے وہاں سے لوگوں کو ہٹا دیا۔ مظاہرین میں سے کئی ایک " برنی، برنی" کے نعرے لگا رہے تھے اور سینڈرز کے نام کے پلے کارڈ لہرا رہے تھے۔ریاست آئیووا کے شہر کلیولینڈ میں اپنی مہم کے دوران ٹرمپ نے ورمونٹ کے سوشلسٹ سینیٹر سینڈرز کا تمسخر اڑاتے ہوئے انہیں ہمارے کمیونسٹ دوست کہہ کر پکارا۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ شکاگو کے مظاہرین کو ایک منصوبہ بندی کے تحت اکٹھاکیا گیا اور مظاہرین نے انہیں آئین میں دیے گئے آزادی اظہار کے حق سے مبینہ طور پر محروم کیا ہے۔سینڈرز نے ہفتے کو جاری ایک بیان میں اس بات سے انکار کیا کہ ان کی مہم کی طرف سے اس احتجاج کا انتظام کیا گیا اور انہوں نے ٹرمپ پر سخت بیانات دینے کا الزام عائد کیا جو ان کے بقول ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے حملوں کا سبب بنے۔

سینڈرز نے کہا کہ ٹرمپ کی ریلی میں تشدد کی وجہ ان کی جانب سے لاطینی امریکیوں ، مسلمانوں، خواتین اور معذور افراد اور صدر اوباما کے خلاف بیانات دے کر تفریق اور نفرت پیدا کرنے کی کوشش کرنا ہے۔امیدوار بننے سے پہلے ٹرمپ نے براک اوباما کے متعلق کہا تھا کہ وہ امریکہ میں پیدا نہیں ہوئے تھے اور انہوں نے جعل سازی سے اپنا پیدائشی سرٹیفکیٹ بنایا اس لیے وہ صدر بننے کے اہل نہیں تھے۔

ڈیموکرٹیک پارٹی کی طرف سے صدارتی نامزدگی کے لیے سینڈرز کی حریف سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے ٹرمپ کی مہم کے دوران بیانات کو خطرناک قرار دیتے ہوئے ہفتے کو ووٹروں سے اس دھونس، تعصب اور ہٹ دھرمی کو مسترد کرنے کی اپیل کی۔صدر اوباما نے ڈیلاس میں فنڈ اکھٹا کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس عہدے کے حصول کی دوڑ میں شامل ہیں انہیں اپنی توجہ امریکہ کو بہتر بنانے پر مرکوز رکھنی چاہیئے نا کہ اہانت آمیز گفتگو اور نا ہی نسل، عقیدے کے بنا پر تقسیم کرنا اور دوسرے امریکیوں کے خلاف تشدد تو کسی طور بھی نہیں۔

دوسری طرف ٹیڈ کروز نے مغربی ریاست وائیو منگ میں ریپبلکنز کاکس کو آسانی سے جیت لیا اور انہوں نے نو ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کی۔فلوریڈا کے سینیٹر مارکو روبیو اور ٹرمپ دونوں کو ایک ایک ڈیلیگیٹ کی حمایت حاصل ہوئی۔دوسری طرف ہفتے کو واشنگنٹن میں ریپبلکنز کی پرائمری الیکشن میں روبیو نے کاسیچ کو ہرا دیا جبکہ ٹرمپ تیسرے نمبر پر آئے۔ ربیو کو 10 ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہوئی جبکہ کاسیچ نے باقی نو جیت لیے۔