باغبان موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب پھپھوند کش زہروں کا سپرے کریں،مشتاق علوی

پیر 14 مارچ 2016 15:15

ملتان۔14 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء )حالیہ بارشوں سے آم کے باغات میں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے پر اینتھرا کنوز ، بیکٹیریل بلائٹ جیسی بیماریوں کے علاوہ بور کی مکھی کے حملہ کی شدت میں اضافہ ہونے کااندیشہ ہے۔ڈائریکٹر مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان مشتاق احمدعلوی نے بتایا کہ آم کے باغات میں پھول کھلنے کا مرحلہ جاری ہے۔

ان پھولوں پر اینتھرا کنوز، بیکٹیریل بلائٹ جیسی بیماریوں کے علاوہ بور کی مکھی حملہ آور ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

شدید بارشوں سے ان بیماریوں کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے لہٰذا سفارش کی جاتی ہے کہ باغبان موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب پھپھوند کش زہروں کا سپرے کریں۔ باغات میں فالتو پانی بھی کھڑا ہونے سے درختوں کے یکدم مرجھاؤ کا اندیشہ ہوتا ہے لہٰذا باغات سے فالتو پانی نکالنے کا فوری بندوبست کریں۔

آم کے باغات میں بٹور والے پھولوں کو خشک ہونے سے پہلے سبز حالت میں کاٹ کر تلف کریں۔ مکمل پھول آنے پر یوریا کھاد 1 کلوگرام فی پودا ڈالیں اس کے علاوہ سفوفی پھپھوندی کے خلاف سپرے کریں اور پھپھوندی کش زہروں کا استعمال 10 تا 14 دن کے وقفہ سے کریں۔ باغبان کیڑے مار سپرے کرتے وقت احتیاط سے کام لیں تاکہ پولینیٹرز اور مفید کیڑے محفوظ رہ سکیں۔