سپریم کورٹ، قتل کے ملزم کی سزائے موت برقرار ، دوسرے ملزم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

پیر 14 مارچ 2016 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مارچ۔2016ء) سپریم کورٹ نے شاہین چوک گجرات میں 5 افراد کے قتل میں ملوث ملزمان میں سے ایک ملزم اشرف باہو کی سزائے موت برقرار جبکہ دوسرے ملزم نصر عرف نصرا کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کر دی ہے جبکہ دو اشتہاری ملزمان طاہر اور عمران بلو کی عدم گرفتاری پر ڈی پی او گجرات کو سخت سرزنش کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اگلے ہفتے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے ہیں پولیس کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے قسطوں میں ملزمان پکڑ کر مہربانی کی ہے۔ 16 سال گزر گئے مگر ناقص تفتیش کا یہ حال ہے کہ دو مفرور ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ پولیس اگر درست ہو جائے تو معاشرہ ہی درست ہو جائے انہوں نے یہ ریمارکس پیر کے روز دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس انور طہیر جمالی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے مقدمے کی سماعت شروع کی تو استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ دو ملزمان تاحال مفرور ہیں اور وہ ہمیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں ان ملزمان کے نام طاہر اور عمران بلو ہیں اس پر عدالت نے کہا کہ یہ ناقص تفتیش کی وجہ سے ہے کہ 16 سال گزر جانے
کے باوجود مفرور ملزمان گرفتار نہیں ہو سکے ہیں اس دوران عدالت نے اشرف باہو کی سزائے موت برقرار رکھی جبکہ دوسرے ملزم نصر عرف نصرا کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا عدالت نے ڈی پی او گجرات کو حکم دیا ہے کہ اگیل ہفتے تک مفرور ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :