رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران کوئلے اور اسٹیل سمیت اہم صنعتی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے ، چین

پیر 14 مارچ 2016 17:55

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مارچ۔2016ء) چین نے کہا ہے کہ رواں سال کے پہلے دو ماہ کے دوران کوئلے اور اسٹیل سمیت اہم صنعتی پیداوار میں کمی واقع ہوئی۔محکمہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جنوری اور فروری کے دوران ملکی صنعتی پیداوار میں کمی ہوئی جن میں کوئلے اور اسٹیل جیسی اہم اشیاء بھی شامل ہیں حالانکہ ان کے خام مال کی سپلائی پیداوار سے کہیں زیادہ رہی جبکہ تیل کی پیداوار میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوری اور فروری کے دوران اقتصادی شرح نمو کی رفتار بھی سست رہی جس کی وجہ صنعتی پیداوار میں کمی ہے۔دو مہینوں کے دوران اسٹیل کی پیداوار121.1 ملین ٹن رہی جو پچھلے سال کی نسبت 5.7 فیصد کم ہے۔جس کے باعث پکانے کیلئے استعمال ہونے والے کوئلے کی پیداوار بھی 10.4 فیصد کم ہوگئی۔

(جاری ہے)

چین جوکہ دنیا میں اسٹیل کی نصف کے قریب پیداوار کا حامل ملک ہے تاہم اس کی گرتی مانگ کے باعث اس کی پیداوار میں بھی کمی آرہی ہے۔

ادھر حکومت کی جانب سے ماحول دوست ایندھن کے فروغ کے اقدامات کے باعث کوئلے کی پیداوار 513 ملین ٹن رہی جو پچھلے سال کے اسی عرصے کی نسبت 6.4 فیصد کم ہے۔اس عرصے کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار 870.2 ارب کلو واٹ رہی جوکہ 2015 ء کے اسی عرصے کی نسبت 0.3 فیصد زیادہ ہے تاہم تھرمل بجلی کی پیداوار میں 4.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ ہائیڈرو بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک کے چھوٹے شہروں میں تیار شدہ گھروں کی فروخت میں کمی کے باعث شعبہ تعمیرات دباؤ کا شکار رہا تاہم جائیدادوں کی خرید و فروخت میں تین فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 2015 ء کے دوران پورے سال کا اضافہ صرف ایک فیصد تھا۔جنوری اور فروری کے دوران گیس کی پیداوار میں 2015 ء کے اسی عرصے کی نسبت 5.7 فیصد اضافہ ہوا۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق رواں سال کے دوران تیل کی طلب 2.9 فیصد اضافے کے ساتھ تین لاکھ اکتیس ہزار بیرل یومیہ رہنے کا امکان ہے۔ ۔

متعلقہ عنوان :