Live Updates

وزیراعلیٰ شہبازشریف سے سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی سربراہی میں بلوچستان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں، ان کی خوشحالی کیلئے ہم ہر طرح حاضر ہیں‘ وزیراعلیٰ کی بلوچستان کے پارلیمانی وفد سے گفتگو محمد شہباز شریف نے تعلیم کے شعبہ میں بے مثال اقدامات کئے جس سے قومی یکجہتی کو فروغ ملا ہے‘ پارلیمانی وفد بلوچستان

پیر 14 مارچ 2016 20:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی سربراہی میں بلوچستان کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امو رپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اورہمیں ملکر اسے سنوارنا ہے ۔

چاروں صوبے ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں ۔پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگرامز میں بلوچستان ،خیبر پختونخوا،سندھ،گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے طلباء و طالبات کو بھی شامل کیا ہے اور اس ضمن میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ،دانش سکولز،لیپ ٹاپ سکیم،ہونہارطلباء و طالبات کے بیرون ملک مطالعاتی دوروں اور پوزیشن ہولڈرز کو نقد انعامات دینے جیسے انقلابی پروگرامز میں پاکستان کی تمام اکائیوں کی شمولیت سے قومی یکجہتی ،یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ ملا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب حکومت نے اپنے حصے کے 11ارب روپے سالانہ بلوچستا ن کو دئیے اور 5 سالوں میں 55ارب روپے بلوچستان کو اپنے حصے کے دئیے ہیں جو کہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی اور انشاء اﷲ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بلوچ بہن بھائیوں کی خدمت کا فرض ادا کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر مشتمل ہے او رہماری خوشیاں اور دکھ سانجھے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کی چاروں اکائیوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔وزیرعلیٰ نے کہا کہ ’’میں‘‘ کی روش چھوڑ کر ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلنے میں ہی ہماری بقا ہے اور اسی میں پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا راز مضمر ہے۔

بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں، ان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہم ہر طرح حاضر ہیں۔بلوچستان کے طلبا و طالبات کیلئے پنجاب کے تعلیمی اداروں اور دانش سکولز میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے بھی بلوچستان کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف فراہم کئے گئے ہیں۔پنجاب حکومت نے کوئٹہ میں دل کے امراض کے علاج کیلئے ہسپتال کے قیام کیلئے فنڈز مہیا کر دیئے ہیں۔

بلوچستان کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ایمرجنسی سروس 1122 ، پی ایچ اے اور دیگر شعبوں میں بھی ہرممکن تعاون فراہم کریں گے۔ بلوچستان کے پارلیمانی وفد نے تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے شعبہ تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے انقلابی پروگرام شروع کئے ہیں اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں دیگر صوبوں کے طلبا و طالبات کیلئے پنجاب کے تعلیمی پروگرامز میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے جس سے بین الصوبائی یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ ملا ہے۔

بلوچستان کے پارلیمانی وفد میں سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل، ایم این اے عبدالقہار خان ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر ایم پی اے عبیداﷲ جان بابت اور دیگر شامل تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات