راجہ اشفاق سرور نے پنجاب ورکرویلفیئر بورڈہائر سیکنڈری اسکول میں نیسلے ہیلدی کڈز روم کا افتتاح کر دیا

پاکستان کو شدید غذائی قلت کے مسئلے کا سامنا ہے ،ورکرز کے بچوں میں یہ مسئلہ زیادہ واضح ہے‘صوبائی وزیر محنت کی گفتگو

پیر 14 مارچ 2016 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر برائے محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور اور نیسلے پاکستان کے منیجنگ ڈائرکٹر برونو اولیرہوک نے نشتر ٹاؤن میں قائم پنجاب ورکرویلفیئر بورڈہائر سیکنڈری اسکول میں نیسلے ہیلدی کڈز روم کا افتتاح کر دیا ۔ اس موقع پر راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ پاکستان کو شدید غذائی قلت کے مسئلے کا سامنا ہے اور اب تک یہ دیکھا گیا ہے کہ ورکرز کے بچوں میں یہ مسئلہ زیادہ واضح ہے۔

نیسلے کا ہیلدی کڈز پروگرام اُس غذا کے مقابلے میں جو بچے پہلے ہی کھا رہے ہیں صحت مند غذا کی اہمیت کے بارے میں والدین، اساتذہ اور طلباء میں آگاہی پیدا کرے گا۔ مجھے یہ موقع ملا ہے کہ میں اس ضمن میں نیسلے پاکستان سے ان کے اس مشن میں بھر پور تعاون کروں۔

(جاری ہے)

نیسلے پاکستان کے منیجنگ ڈائرکٹر برونو اولیرہوک نے کہا کہ غذائیت، صحت اور فلاح کی کمپنی کے طور پر ، نیسلے پاکستانی بچوں میں کھانے پینے کی صحت مند عادتوں کو فروغ دینے پر خوش ہے۔

نیسلے ہیلدی کڈز پروگرام مختلف الجہتی پارٹنر شپ کے نقطہء نظر پر مبنی ہے اوراس پروگرام کے تحت PWWB ہائر سیکنڈری اسکولوں سے تعاون ہمیں اس خطے میں یقیناً مزید بچوں تک رسائی میں معاون ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ (نیشنل نیوٹریشن سروے 2011 ء کے مطابق) پاکستانی بچوں پر غذائی قلت کا دگنا بوجھ پڑتا ہے۔ ’نیسلے ہیلدی کڈز پروگرام‘ نیسلے پاکستان کی جانب سے تیار کیا گیا ہے، اور اب یہ ایک ملک گیر پروگرام ہے جس کا آغاز 2010 ء میں مقامی طور پر کیا گیا تھا۔

اس پروگرام کے تحت 6 سے 16 سال کی عمر کے اسکول جانے والے بچوں کے لئے غذائیت کی اہمیت پر مبنی دو کتابوں کو منصوبے کے نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نیسلے پاکستان اور پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے مابین شراکت کے تحت نیسلے پاکستان اساتذہ کی تربیت میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور نیسلے ہیلدی کڈز کی کتابیں اور متعلقہ مواد مفت فراہم کر رہا ہے۔ نیسلے ہیلدی کڈز پروگرام کے دو کمرے پہلے ہی لاہور اور ملتان میں مکمل کر لئے گئے ہیں۔ مذکورہ پروگرام کے پہلے فیز میں ملتان اور لاہور میں 50 اساتذہ اور 7,000 بچوں کو صحت مند غذائیت اور صحت کی تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی۔ 2017 ء سے یہ پروگرام پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تمام اسکولوں میں لاگو کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :