کشمیری صحافیوں کا دورہ پریس کلب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 14 مارچ 2016 22:10

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 14 مارچ۔2015ء)لاہور پریس کلب کے صدرمحمدشہبازمیاں نے آزاد جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں قائم سنٹرل پریس کلب کو جڑواں کلب کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سلسلہ میں باہمی یادداشت پر دستخط دورہ کشمیر کے موقع پر کئے جائیں گے۔ یہ بات انھوں نے سنٹرل پریس کلب کے سولہ رکنی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

دورے پر آئے وفد کی قیادت سردارذوالفقارعلی اور راجہ وسیم کررہے تھے۔اس موقع پر شہبازمیاں نے مزید کہاکہ لاہور پریس کلب کشمیری صحافیوں کی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے تمام سہولیات فراہم کرے گاجس کے لئے لاہور کے صحافیوں کا ایک وفد جلد کشمیر کا دورہ کرے گا۔ ان کا کہناتھاکہ پاکستان میں بدقسمتی سے حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ملک کے طول وعرض میں دہشت گردی کی ایسی لہراٹھی کہ قوم کا سب سے بڑا مسئلہ انسداد دہشت گردی ہی بن کے رہ گیاجس کے باعث مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوزالتواء کا شکارہوکر رہ گئے لیکن کشمیر ی پاکستانی عوام کے لئے دل کی دھڑکن کی حیثیت رکھتے ہیں جن سے ہماراجذباتی لگاؤہے اور ہم ہر دکھ دردمیں ان کے ساتھ برابرکے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہاکہ یہ میڈیاکی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے مسائل کو اجاگرکریں اور اس کے لئے دونوں طرف کے صحافیوں کے ایک دوسرے سے روابط اور میل جول میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ درپیش مسائل کو میڈیا کے ذریعے بہتراندازمیں اجاگرکیا جاسکے۔ پریس کلب کے خزانچی ظہیر احمدبابرنے وفد کو پریس کلب میں ہونے والی سرگرمیوں اور ممبران کو مہیا کی گئیں سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر نائب صدر عبدالمجید ساجد،سیکرٹری شاداب ریاض،جوائنٹ سیکرٹری زاہد گوگی،ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ، محسن علی، جواد رضوی اور سینئر ممبران حامد ریاض ڈوگر،بخت گیر چوہدری،اسراربخاری،خواجہ آفتاب حسن کے علاوہ کشمیری وفد میں امتیاز اعوان،کاشف میر،جاوید چوہدری،نصیر ا عوان،تنویر تنولی،جہانگیر اعوان،ثاقب حیدری، دلپذ یر عباسی، راجہ شجاعت ،فرحان احمد خان اور دیگر شامل تھے۔لاہور پریس کلب کی جانب سے معزز مہمانوں کو سنٹرل پریس کلب کے پچاس سال مکمل ہونے پر یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے گئے ۔