پارٹی کارکن میری طاقت ہیں ، بینظیر بھٹو کے خوابوں کی تعبیر ہمارا مقصد ہے،جمہوریت اور انسانی آزادی کے لئے جدوجہد ہماری تاریخ ہے ، آئندہ انتخابات میں کامیابی ہماری ہوگی

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پی پی پی ا سلام آباد ضلع اور سٹی کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو

پیر 14 مارچ 2016 22:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پارٹی کارکن میری طاقت ہیں ،شہید بینظیر بھٹو کے خوابوں کی تعبیر ہمارا مقصد ہے،جمہوریت اور انسانی آزادی کے لئے جدوجہد ہماری تاریخ ہے ، ہم ان شہیدوں کے وارث ہیں جن کی قربانیوں سے آج ملک میں جمہوریت ہے، آصف علی زرداری نے 1973 کا آئین اصل صورت میں بحال کیا، پارلیمنٹ کو مکمل طور پر بااختیار بنایا، صوبوں کو خودمختاری دی اور خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی شناخت دی ، آئندہ انتخابات میں کامیابی ہماری ہوگی۔

وہ پیر کو دورہ اسلام آباد کے موقع پر اسلام آباد ضلع اور سٹی کے عہدیداروں کے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کارکن میری طاقت ہیں۔ شہید بینظیر بھٹو کے خوابوں کی تعبیر ہمارا مقصد ہے،جمہوریت اور انسانی آزادی کے لئے جدوجہد ہماری تاریخ ہے۔

ہم ان شہیدوں کے وارث ہیں جن کی قربانیوں سے آج ملک میں جمہوریت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ کے صدر آصف علی زرداری نے 1973 کا آئین اصل صورت میں بحال کیا، پارلیمنٹ کو مکمل طور پر بااختیار بنایا، صوبوں کو خودمختاری دی اور خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی شناخت دی۔ انہوں نے کہا کہ آپ آپس میں اتحاد قائم رکھیں، آئندہ انتخابات میں کامیابی ہماری ہوگی کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے ،جو محنت کشوں کی حامی جماعت ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شدت پسندوں کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی۔ آنے والا وقت امن، روشنی اور جمہوری رویوں کا ہوگا۔ وفود میں سید سطبل بخاری، فیصل سخی بٹ، نرگس فیض ملک، محمد علی شاہ، ندیم مغل اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، پی پی پی پارلیمنیٹیرینز کی نائب صدر شیری رحمن، قمر زماں کائرہ، سابق چیئرمین سینیٹ سید نیر حسین بخاری، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی اور راجہ عمران اشرف بھی موجود تھے۔