جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک قوم کو کرپشن کے خلاف کھڑا کرنے اور کرپٹ نظام کو اکھیڑ پھینکنے کی تحریک ہے ، اس تحریک کے نتیجہ میں کرپشن کے زہر سے قوم کو نجات دلائی جائے گی

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ و دیگر رہنماؤں کا علما اکیڈمی میں سیمینار سے خطاب

پیر 14 مارچ 2016 22:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک قوم کو کرپشن کے خلاف کھڑا کرنے اور کرپٹ نظام کو اکھیڑ پھینکنے کی تحریک ہے۔ اس تحریک کے نتیجہ میں کرپشن کے زہر سے قوم کو نجات دلائی جائے گی۔ وہ پیر کو جمعیت اتحاد العلماء کے زیر اہتمام علما اکیڈمی میں ’’کرپشن ۔

اسباب ، سدباب قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کرپٹ طبقا ت ہماری تمام دینی معاشی و معاشرتی اقدار کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور انہوں نے اپنی بد عنوانیوں سے ملک کو مقروض اور معیشت کو کھوکھلا کر دیا ہے۔انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی وہ منبر و محراب کی طاقت سے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے میں ممدو معاون بنیں۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈائریکٹر جنرل انٹی کرپشن بریگیڈیر محمد اسلم گھمن نے کہا کہ کرپشن کی بنیادی وجہ دین سے دوری او ر فکر آخرت سے محرومی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا زہر اوپر سے نیچے تک سرایت کر چکا ہے۔بیرون ملک کرپٹ حکمرانوں ،سابق جرنیلوں، ججوں سمیت پاکستانیوں کے کھربوں روپے کے اثاثے ہیں۔صرف دوبئی میں 2کھرب 40ارب روپے کی جائیدادیں خرید ی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بلاخوف و ترد ید کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان میں صرف جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان کرپشن سے پاک ہیں اور میں یہ سمجھنے میں بھی حق بجانب ہوں کہ جماعت اسلامی ہی ملک کو کرپشن سے پاک کرسکتی ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ پاکستان میں روزانہ 12ارب کی کرپشن ہو رہی ہے۔

اس وقت پاکستان پر 20کھرب روپے کے قرضے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سودی معیشت ،انسانی اسمگلنگ ،بھتہ خوری ،ٹیکس چوری ،شاہانہ اخراجات، لوٹی ہوئی دولت وغیرہ بھی کرپشن کی مختلف صورتیں ہیں۔معروف اسکالر ڈاکٹر شبیر احمد منصوری نے کہا کہ اسلام کرپشن کا مقابلہ تقویٰ اور خداخوفی سے کرتا ہے۔بددیانتی ،خیانت و منافقت ہے جس کی وجہ صرف اﷲ کی ناراضگی ہوتی ہے ۔ سیمینار سے مولانا قاری محمد سعید ،قاری عطا ء الرحمن ،پروفیسر رشید احمد انگوی اور معاذ سعید نے بھی خطاب کیا۔