عوام نے جشن بہاراں کی تمام تقریبات میں نظم و ضبط کے ساتھ شرکت کر کے ملکی و بین الاقوامی سطح پر ایک مہذب اور پر امن قوم ہونے کا تاثر دیا،ڈی سی او رحیم یارخان

منگل 15 مارچ 2016 12:19

رحیم یار خان ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) ڈی سی او رحیم یارخان کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے کہا کہ دہشت گردی نے ہمارے ماحول اور انفرادی زندگی کو اس حد تک جامد، خشک، بے کیف، حسن او رلطف سے عاری کر دیا ہے کہ ہم اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو منانا ہی بھول گئے ہیں۔دہشت، وحشت اور کرختگی نے ہمارے سماجی فکر کو گھیر لیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سلام ہے ان شہداء کی قربانیوں کو جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے دیکر اس قوم کو خوف کے طلسم سے باہر نکالااور اندہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا، ہم اپنی حکومت اور خصوصاً مسلح افواج سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیوں اور کارروائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے آج ہمیں اجتماعی خوشیاں منانے کے لئے محفوظ موقع فراہم کیا اور انشاء اللہ یہ سلسلہ اسی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام نے جشن بہاراں کی تمام تقریبات میں نظم و ضبط کے ساتھ اپنی بھر پور شرکت یقینی بناتے ہوئے ایک مہذب اور پر امن قوم ہونے کا تاثرملکی و بین الاقوامی سطح پر دیا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام تقریبات کی کامیابی اور رونمائی کا سہرا اس ضلع کے میڈیا نمائندگان کے سر ہے جنہوں نے نہ صرف اپنی تجاویز دیں بلکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اس ضلع کا وقار بلند کیا جس پر میں میڈیا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ساتھ ہی زندہ دلان رحیم یارخان کا جنہوں نے اپنی فیملیوں کے ساتھ شرکت کر کے جشن بہاراں میلہ کی تمام تقریبات کو چار چاند لگائے ۔