چین نے سری لنکا میں جدید ترین بندرگاہ اور تجارتی شہر بسانے کا فیصلہ کرلیا

منگل 15 مارچ 2016 12:32

چین نے سری لنکا میں جدید ترین بندرگاہ اور تجارتی شہر بسانے کا فیصلہ ..

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مارچ۔2016ء) بحر ہند پر حکمرانی کے خواب دیکھنے والے بھارت اور اس کے حمایتی امریکا کی مخالفت کو نظر اندازکرتے ہوئے چین نے سری لنکن دارالحکومت کے ساحل پرجدید ترین بندرگاہ اور تجارتی شہر بسانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین کولمبو شہر کے کنارے سینکڑوں ایکڑ پر پھیلا ہوا نیا شہر بسائے گا، جس کی تعمیر پر 1.4ارب ڈالر (تقریباً ڈیڑھ سو ارب پاکستانی روپے) خرچ کئے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت تقریباً 6سو ایکڑ پر محیط کاروباری و رہائشی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، جبکہ فارمولا ون ریس ٹریک بھی اس منصوبے کا حصہ ہوگا۔امریکا اور بھارت کو اس منصوبے پر سخت تشویش لاحق رہی ہے، کیونکہ دونوں ممالک اسے بحرہند کے خطے میں چین کی طاقتور موجودگی کے طور پر دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے ساحل پر تعمیر ہونے والے اس نئے شہر و بندرگاہ کو بھارت اپنی علاقائی بالادستی کے عزائم کی راہ میں رکاوٹ سمجھتا ہے، جبکہ امریکا اسے اپنی عالمی بالادستی کے لئے خطرہ سمجھتا ہے۔

ماحولیاتی مسائل کو بنیاد بنا کر بھی اس منصوبے کے خلاف کافی تنقید کی گئی اور طرح طرح کی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، لیکن اب سری لنکن حکام نے بھی اس کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ چین کی طرف سے بھی منصوبے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :