این او سی کے حصول کے بغیر ایئر پورٹس کی 15کلو میٹر کی حدود میں بلند عمارات ، تجارتی مراکز کی تعمیر پر پابندی عائد

منگل 15 مارچ 2016 13:40

فیصل آباد۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء )حکومت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے این او سی کے اجراء کے بغیر فیصل آباد ، لاہور ، ملتان، اسلام آباد سمیت ملک بھر کے ایئر پورٹس کی 15کلو میٹر کی حدود میں بلند وبالا عمارات ، تجارتی مراکز و پلازوں کی تعمیر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع کے مطابق تمام افراد کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ سول ایو ی ایشن اتھارٹی کی اجازت کے بغیر اس قسم کی عمارات کی تعمیر سے گریز کریں ورنہ ان کی عمارات کو غیر قانونی قرار دے کر منہدم کروا دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص ایئر پورٹس کی 15کلو میٹر کی حدود میں کوئی بلند وبالا عمارت تعمیر کرنا چاہتا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ سول ایوی ایشن اتھارٹی سے پیشگی این او سی حاصل کرے ۔ انہوں نے بتایا کہ این او سی کے حصول کیلئے مزید معلومات کی غرض سے ایئر پورٹس پر واقع سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دفاتر سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ متعلقہ مقامی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیز کو بھی ہدائت کر دی گئی ہے کہ وہ مذکورہ این او سی کے بغیر اپنے طور پر کوئی این او سی جاری نہ کریں