جرمنی کے شہر برلن میں‌کار بم دھماکہ، ایک شخص ہلاک

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 مارچ 2016 15:34

جرمنی کے شہر برلن میں‌کار بم دھماکہ، ایک شخص ہلاک

جرمنی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 مارچ 2016ء) : جرمنی کے شہر برلن میں کار بم دھماکہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جرمن پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق کار کا ایک ڈرائیور ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ برلن پولیس کے نائب صدر کے ترجمان نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ دھماکہ شارلوٹنبرگ کے مغربی ضلع میں صبح 8 بجے کے قریب سنا گیا انہوں نے کہا دھماکے کی آواز سنتے ہی شہر بھر کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر علاقہ کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیے جانے کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

نائب صدر محکمہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تفتیشی ٹیموں نے دھماکے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جس میں معلوم کیا جا رہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد کار کے اندر موجود تھا یا کار کے کسی بیرونی حصے پر نصب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تفتیشی حکام دھماکے میں ہلاک ہونے والے ڈرائیور کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ابتدائی طور پر کار سے متعلق بھی کوئی تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ٹویٹر پر اس دھماکے کی جگہ کی شئیر کی گئی ویڈیو میں ایک سلور رنگ کی گاڑی کا ملبہ دیکھا جا سکتا ہے جس کی کھڑکیوں کے شیشے سمیت گاڑی کے اگلے اور پچھلے حصے کو پہنچنے والے نقصان کو بآسانی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :