صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان کا حالیہ بارشوں سے آزاد کشمیر میں جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار

منگل 15 مارچ 2016 17:06

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے حالیہ بارشوں سے آزاد کشمیر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے محکمہ شاہرات، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہونے والی سڑکوں کو فوری طور پر کھولا جائے جو سٹرکیں تباہ ہو چکی ہیں انہیں فوری مرمت کر کے ٹریفک کے قابل بنایا جائے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق آزاد کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ملانے والی تمام سٹرکیں حالیہ بارش سے متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے یہاں فوج اور دیگر سرکاری محکموں میں ملازمت کرنے والے افراد کو واپس آنے کا مسئلہ درپیش ہے جبکہ آزاد کشمیر میں کھانے پینے کی ایشیاء کی قلت بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اس لئے فوری طور پر سٹرکوں کو بحال کیا جائے۔