تعلیم انسان کو ہر قسم کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہے ‘ وزیرمملکت انجینئر محمدبلیغ الرحمان

منگل 15 مارچ 2016 17:09

پشاور۔15 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء ) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر محمدبلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ تعلیم ایک ایسا زیور ہے جو ہمیں ہر قسم کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انھوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ترقی یا فتہ ممالک کی ترقی کا راز صرف اور صرف تعلیم میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوپشاور کے مقامی ہوٹل میں پائیدار ترقی کے لیے عالمی مقاصد کے صوبائی مشاورتی اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی مشیر برائے تعلیم مشتاق غنی، وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم ہمایوں، یواین ایچ سی آر کنٹری ڈائریکٹر اور یونیسیف ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔ محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد جامع اور مساوی معیاری تعلیم کو یقینی بنانا اور سب کے لیے زندگی بھر کے تعلیمی مواقع کو فروغ دینا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے 2013 سے قبل اور موجودہ تعلیمی معیار کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے یہ بات باعث فخر ہے کہ موجودہ تعلیمی معیار کافی حد تک بہتر ہوگیا ہے۔ ملینیم ڈویلپمنٹ کے اہداف کے مطابق پاکستان تعلیم کے میدان میں انڈونیشیاسے بھی نچلی سطح پر آچکا تھا لیکن اب پائیدار ترقی کے لیے عالمی مقاصد کے مطابق پاکستان کے تعلیمی معیار میں کافی حد تک بہتری آرہی ہے۔

اٹھارویں ترمیم کے بعدصوبائی حکومتیں تعلیم کی ذمہ داری میں خودمختیار ہیں اور وفاقی حکومت کا کردار صوبائی حکومتوں کی کاوشوں کو آپس میں ہم آہنگ بنانا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف صوبوں میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر اور موٴثر بنانے کے لیے مقابلے چل رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف صوبوں میں تعلیم کو بہتر بنانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اپنے بجٹ کا پچیس فیصد حصٓہ تعلیم کی اعانت میں خرچ کررہاہے، جو ہمارے لیے باعث فخر ہے پائیدار ترقی کے لیے عالمی مقاصد میں معیاری تعلیم کو بہتر بنانے میں پاکستان موٴثر کردار ادا کر رہا ہے۔ اس ضمن میں ہم نے مختلف سیمینار ، لاہور ، کراچی ، اسلام آبادمیں منعقد کیے اور اب اسی سلسلے کے سیمینارکا انعقاد پشاور میں ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :