انسانیت کی بھلائی سے بڑھ کر کوئی کام نہیں ،خصوصی افراد کے لیے تعلیمی اداروں میں تمام ضروری سہولتیں دی جا رہی ہیں‘ رفیق رجوانہ

زندگی گزارنے کا قرینہ سیکھنا ہے تو خصوصی بچوں سے سیکھیں جو کمزوری کو مجبوری بنانے کی بجائے زندگی کی دوڑمیں پیش پیش ہیں،موجودہ حکومت خصوصی افراد کی بحالی ،انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے‘ گورنر پنجاب

منگل 15 مارچ 2016 19:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجو انہ نے کہا ہے کہ زندگی گزارنے کا قرینہ سیکھنا ہے تو خصوصی بچوں سے سیکھیں جو اپنی کمزوری کو مجبوری بنانے کی بجائے زندگی کی دوڑمیں پیش پیش ہیں،موجودہ حکومت خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے تاکہ خصوصی افراد بھی قومی ترقی کے عمل میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ بحالی معذوراں میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ خصوصی افراد بھی کمال صلاحیتوں سے مالا مال ہوتے ہیں انہیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے کے لیے ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بھلائی سے بڑھ کر کوئی کام نہیں اور ایسے افراد یا ادارے جو خدمت انسانیت میں وقف ہیں انہیں کے دم سے انسانیت قائم ہے اور اُمید بھی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خصوصی افراد کی ہر ممکن مدد کے لیے کئی منصوبوں پر کام شروع کیا ہوا ہے، خصوصی افراد کے لیے تعلیمی اداروں میں تمام ضروری سہولتیں دی جا رہی ہیں ،ان کی فنی تربیت پر توجہ دی جا رہی ہے جبکہ سرکاری ملازمتوں میں ان کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں مایوسی کے اندھیروں کو مٹانے کے لیے اپنے اپنے حصے کی شمع جلانی ہوگی اور معاشرے میں خوشی ،امید اور تعمیری سوچ کو فروغ دینا ہوگا۔

گورنر پنجاب نے خصوصی افرادکی بحالی اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے ادارہ بحالی معذوراں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ امر نہایت قابلِ اطمینان ہے کہ ادارہ خصوصی افراد کو تعلیم اور فنی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کو کاروبار کرنے کے لیے قرض حسنہ بھی فراہم کرتا ہے تاکہ یہ افراد اپنے پاؤں پر کھڑا ہو کر اپنے گھر والوں کا بازو بن سکیں ۔

گورنر پنجاب نے ادارے کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے ،انہوں نے خصوصی افراد سے ملاقات بھی کی اور ان سے ان کے روز و شب اور معاملات زندگی کے بارے میں گفت گو کی۔اس موقع پرادارے کے صدر سابق چیف سیکرٹری پنجاب، صدر پاکستان انجمن بحالی معذوراں پرویز مسعود نے ادارے کی چھلی کارگردگی ،اغراض و مقاصد اور مستقبل کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات پر روشنی ڈالی۔کالج کے پرنسپل نے بھی خطاب کیا اور کالج کے حوالے سے تفصیلا آگاہ کیا ۔