کسی کو اچھا لگے یا برا ، عوامی حقوق کے دفاع کیلئے لڑتے رہیں گے، سید خورشید شاہ

شفاف احتساب انصاف و جمہوریت کی روح ہے،نیب کی پنجاب میں کارروائیوں سے وزراء کے شور نے بہت کچھ بے نقاب کر دیا خان منور خان خگوانی کے ساتھ ہمارے تعلقات کی ’’ لو‘‘ مدھم نہیں ہونے دینگے، چنگیز خان سے ملاقات میں گفتگو

منگل 15 مارچ 2016 19:07

حضرو / اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کسی کو اچھا لگے یا برا قومی اسمبلی میں عوامی حقوق کے دفاع کیلئے اپنے فرائض بخوبی انجام دیتے رہیں گے، آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے ملک میں امن قائم ہوا جس پر پاک فوج کا کردار لائق تحسین ہے، شفاف احتساب انصاف و جمہوریت کی روح ہے، نیب کی پنجاب میں کارروائیوں سے حکومتی وزراء کے شور شرابے نے عوام کے سامنے بہت کچھ رکھ دیا ہے،چنگیز خان کے بزرگوں و خاندان کی عوامی خدمات کے اثرات پورے ملک میں موجود ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چھچھ حضرو کی معروف شخصیت چنگیز خان سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کرصاحبزادی کی شادی پر مبارکباد پیش کی،خورشید شاہ نے چنگیز خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے ماموں خان منور خان آف خگوانی کے ساتھ ہمارے تعلقات کی ’’ لو‘‘ مدھم نہیں ہونے دی اور ہم بھی یہ مدھم نہیں ہونے دینگے ، منور خان سے ہم سندھیوں کے بھائیوں جیسے تعلقات تھے ، سید خورشید شاہ نے چنگیز خان کی عوامی ، سماجی خدمات کو سراہا اور کہا کہ آپ کے خاندان کے بزرگوں کی پورے پاکستان میں کسی نہ کسی شکل میں عوامی خدمات کے اثرات موجود ہیں، اس موقع پر حزب اختلاف نے اہلیان چھچھ کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ۔

متعلقہ عنوان :