خواہش ہے وزیر اعظم میری فلم ’’ہوٹل‘‘تمام ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ وزیر اعظم ہاؤس میں دیکھیں ‘ فلمسٹار میرا

دعا ہے قومی ٹیم ورلڈ کپ جیتے ، ٹیم دبا ؤمیں نہ کھیلے بلکہ دوسری ٹیموں کو دبا ؤمیں رکھے، آفریدی کو بیان بارے متوازن رہنا چاہیے تھا پوری ٹیم کو بھی دعوت دیتی ہوں وہ پاکستان واپس آنے کے بعد فلم ’’ہوٹل ‘‘ دیکھیں اور پاکستانی سنیما کو سپورٹ کریں‘ اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس

منگل 15 مارچ 2016 19:10

خواہش ہے وزیر اعظم میری فلم ’’ہوٹل‘‘تمام ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) فلمسٹار میرا نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ شرمین عبید چنائے کی فلم کی طرح میری فلم ’’ ہوٹل ‘‘ کی بھی نمائش وزیراعظم ہاؤس میں ہو اور وزیر اعظم تمام ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ فلم دیکھیں،دعا ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ جیتے ، ٹیم دبا ؤمیں نہ کھیلے بلکہ دوسری ٹیموں کو دبا ؤمیں رکھے۔

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران اداکارہ میرا نے کہا کہ انہوں نے بھارت کے اشتراک سے ایک فلم ’’ ہوٹل ‘‘تیار کی ہے۔ فلم بچوں کے پیدائش سے پہلے قتل کے موضوع پرہے جس میں وہ خود ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں۔شرمین عبید چنائے کا آسکر جیتنا فخر کی بات ہے ۔ خواہش ہے کہ وزیر اعظم میری فلم ’’ہوٹل‘‘تمام ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ وزیر اعظم ہاؤس میں دیکھیں ۔

(جاری ہے)

فلم یکم اپریل سے ریلیز ہو رہی ہے۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے سلسلے میں پاکستان اپنا پہلا میچ آج 16مارچ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے جا رہا ہے تو اس حوالے سے میرا نے ٹیم کو کامیابی کی ڈھیروں دعائیں بھی دیں۔ میرا کا کہنا تھا کہ مہربانی کرکے اچھا کھیلیں، آپ ہندوستان میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور آپ کو جیت کر آنا ہے۔ دبا ؤمیں نہ کھیلیں بلکہ دوسری ٹیموں کو دبا ؤمیں رکھیں، مجھے امید ہے ٹیم اچھا کھیلے گی۔

میرا کا مزید کہنا تھا کہ دباؤ میں نہ فنکار اداکاری کر سکتے ہیں اور نہ ہی کھلاڑی اچھا کھیل سکتے ہیں، ہماری ٹیم کو پر اعتماد ہونا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ ساتھ ان کی پوری فیملی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جیت کی دعائیں کر رہی ہے۔واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کے حال ہی میں ہندوستان میں دیئے گئے بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم میرا کا ردعمل کچھ اور ہی تھا۔

میرا کا کہنا تھا ان کے کہنے کا مقصد شاید یہی تھا کہ وہ محبت کا زیادہ اظہار کر رہے ہوں لیکن انہیں تھوڑا سا متوازن رہنا چاہیے تھا ورنہ اس میں کوئی بڑی بات نہیں۔میرا نے اس دوران اپنی فلم ہوٹل کی بھی تشہیر کردی۔ان کا کہنا تھا میں پوری ٹیم کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ پاکستان واپس آنے کے بعد فلم ’’ہوٹل ‘‘ دیکھیں اور ان سے گزارش کروں گی کہ وہ پاکستانی سنیما کو سپورٹ کریں۔