سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ سر آنکھوں پر ،ا س پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا مگر ایک دہشت گرد تنظیم کا نام لے کر اس طرح تشہیر کرنا اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے شایانِ شان نہیں ، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی دارلحکومت کے رہائشی علاقوں سے دفاتر فوری طور پرخالی کر ائے جائیں،سیف سٹی پراجیکٹ اپریل میں مکمل طور پر آپریشنل کر دیا جائے، ،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

وزارت داخلہ کی 25 آئی این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت ،کوائف جمع نہ کرانیوالی 27نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ

منگل 15 مارچ 2016 20:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) وزارت داخلہ نے25 انٹرنیشنل این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی باقاعدہ منظوری دیدی جبکہ کوائف جمع نہ کرانے والی 27پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردیئے ۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آئی جی اسلام آبادپولیس کو ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی دارلحکومت کے رہائشی علاقوں سے دفاتر فوری طور پرخالی کر اد ئیے جائیں۔

منگل کووزارت داخلہ میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا،اجلاس میں سپیشل سیکر ٹری داخلہ، این سی نیکٹا احسان غنی،چیف کمشنر اسلام آباد اوروزارت داخلہ کے اعلی حکام نے شرکت کی ،وزارت داخلہ حکام کی جانب سے وزیر داخلہ کو انٹر نیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی، اجلاس میں 25 انٹرنیشنل این جی اوز کو تمام معلومات فراہم کر نے اور وزارت داخلہ کی تمام شرائط پوری کر نے پر پاکستان میں کام کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیف سٹی پروجیکٹ ،پرائیویٹ سیکیورٹی ایجنسیوں کی سکروٹنی کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے اسلام آبادانتظامیہ کو اپنے کوائف جمع نہ کرانے والی 27پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے لائسنسز منسوخ کر نے کا حکم دیدیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے اور گزشتہ روز کی عدالتی کارروائی کی روشنی میں رہائشی علاقوں سے دفاتر فوری طور پرخالی کر ا دئیے جائیں،گذشتہ روز کی عدالتی کاروائی پر ریمارکس دیتے ہوئے وزیر د اخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ سر آنکھوں پر اور اس پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا مگر ایک دہشت گرد تنظیم کا نام لے کر اس طرح اسکی تشہیر کرنا اعلی عدلیہ کے ججوں کے شایانِ شان نہیں۔

اجلاس میں وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس و دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیف سٹی پراجیکٹ اپریل میں مکمل طور پر آپریشنل کر دیا جائے ۔