ٹیکس دینے کے باوجود بزنس کمیونٹی ہراسمنٹ کا شکار ہے ، حکومت کے چند ادارے مشکلات پیدا کر رہے ہیں ‘ ہم تمام ایشوز کو مل بیٹھ کر مشاورت کیساتھ حل کرنا چاہتے ہیں ، صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی سے ہی حکومت کا صنعتی ترقی کا ویڑن مکمل ہوگا

تاجر برادری ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں پہلے ہی اپنا فرض ادا کر رہی ہے چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ ، پیٹرن انچیف میاں انجم نثار کی گفتگو

منگل 15 مارچ 2016 21:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایو سی ایشن فرنٹ (پیاف ) کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے اس کو یکسوئی سے بزنس کرنے دیا جائے، ٹیکس دینے کے باوجود بزنس کمیونٹی ہراسمنٹ کا شکار ہے گورنمنٹ کے چند ادارے بزنس کمیونٹی کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی بجائے مشکلات پیدا کر رہے ہیں جسکی وجہ سے صنعتکار اور تاجر برادری نہایت پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت اچھی بات ہے کہ حکومت مختلف انرجی پراجیکٹس پرکام کر رہی ہے ،بزنس کمیونٹی امید کرتی ہے کہ2018 تک انرجی بحران کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔ منگل کو میڈیا سے گفتگو میں چیئر مین پیاف نے کہا کہ ہم تمام مسائل کے حل کیلئے حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تمام ایشوز کو مل بیٹھ کر مشاورت کے ساتھ حل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاجر برادری ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں پہلے ہی اپنا فرض ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے صنعتکار اور تاجر برادری ایل ڈی اے کی جانب سے فیوزپور روڈ کے انڈسٹریل علاقے کو کمرشلائز کرنے کے ساتھ اضافی ٹیکسوں اور دیگر مسائل کے باعث پریشان ہیں۔عرفان اقبال شیخ نے گورنر پنجاب سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں پر زور دیا جائے کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ گورنمنٹ اور تاجر برادری کا تعلق ہمیشہ قائم رہے۔

پیاف کے پیٹرن انچیف میاں انجم نثار نے کہا کہ ملک میں ایل این جی کے آنے سے بہتری آ رہی ہے جس سے انڈسٹری میں جان آ رہی ہے صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی سے ہی حکومت کا صنعتی ترقی کا ویڑن مکمل ہوگا انڈسٹریز کو مسلسل بجلی کی فراہمی سے ملکی پیداوار اور گرتی برآمدات کو سہارا ملے گا،۔ ا نہوں نے مزید کہا کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگیاں نہ ہونے سے برآمد کنندگان سخت مشکلات کا شکار ہیں ان کی فوری ادائیگی کی جائے تا کہ انڈسٹری جمود کا شکار نہ ہو اور انڈسٹری کا پہیہ بلا تعطل چلتا رہے۔

متعلقہ عنوان :