Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے شیرازی برادران کی ملاقات

مسلم لیگ (ن) کی قیادت سیاست برائے سیاست نہیں بلکہ سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے،وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے،وزیراعلیٰ شہباز شریف کی شیرازی برادران سے گفتگو

منگل 15 مارچ 2016 21:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے منگل کو یہاں سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شیرازی برادران نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت سیاست برائے سیاست نہیں بلکہ سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کے حالات میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے اور ملک امید اور روشنیوں کے سفر کی جانب رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل برلن نے پاکستان کی شفافیت کی درجہ بندی کو بہتر قراردیا ہے ۔پاکستان سارک ممالک کا واحد ملک ہے جس کی شفافیت کے لحاظ سے درجہ بندی بہتر ہوئی ہے جو کہ موجودہ حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ ،پرامن اور معاشی طورپر مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ بصیرت کو بروئے کار لاکر ملک کودرپیش چیلنجز سے نمٹیں گے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے ایاز علی شاہ شیرازی، ایم پی اے سید اعجاز علی شاہ شیرازی، سابق ایم این اے سید شفقات حسین شیرازی، سید ریاض حسین شیرازی اور ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ٹھٹھہ حاجی محمد حنیف میمن شامل تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات