پاکستان امریکہ سے کثیرالجہتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، گورنر سندھ

پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مثالی کامیابی حاصل کی ہے، امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ

منگل 15 مارچ 2016 22:08

کراچی ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے منگل کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے کثیر الجہتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ، قیام امن، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف گراں قدر خدمات سرنجام دے رہی ہے اور پاک فوج کی قربانیوں کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کے استحکام، خطے میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں پاک امریکہ مشترکہ سرمایہ کاری وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے بعد بیرونی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

گورنر سندھ نے صوبہ میں خصوصاً صحت اور تعلیم میں امریکی امدادی اداروں کے منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے ذریعے صوبہ کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو بھی صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات میسر آئی ہیں۔ انہوں نے جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام میں یو ایس ایڈ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بالائی سندھ کے اضلاع بلکہ بلوچستان کے ملحقہ اضلاع کے عوام کو بھی صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔

امریکی قونصل جنرل نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل جنگ تھی لیکن پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے اس جنگ میں مثالی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن و خوشحال پاکستان خطے اور امریکہ کے مفاد میں ہے، اس ضمن میں امریکی تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی یو ایس ایڈ سندھ میں تعاون جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :