تعلیم اور صحت میں انقلابی بہتری کیلئے وزیر اعلی کے روڈ میپ پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کیا جائے،کمشنر راولپنڈی

منگل 15 مارچ 2016 22:09

جہلم۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے کہاہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی بہتری کیلئے وزیر اعلی شہباز شریف کے روڈ میپ پر ترجیحی بنیادوں پر عمل درآمد کیا جائے، تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پر بھر پور توجہ دی جائے اور تمام سرکاری افسران دفاتر میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ اپنی سرکاری ذمہ داریاں ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ضلع جہلم میں ترقیاتی و عوامی فلاح کے منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی سی او جہلم اقبال حسین خان،ڈی پی او مجاہد اکبر خان، اے ڈی سی عمران رضا عباسی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم کنول بتول، اسسٹنٹ کمشنر دینہ چوہدری محمد اشرف، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوا نرگس شازیہ چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دانخان چوہدری اشرف گجر، تمام ضلعی اور صوبائی محکموں کے افسران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے کہاکہ سمندر پار پاکستا نی ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ، سہولت مرکز برائے سمندر پاکستانی کو فعال کیا جائے اور ریونیو اور پولیس کے حوالے سے سمندر پاکستانیوں کی شکایات کا جائزہ لیکر ان کو جلد از جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے ضلع جہلم میں 94 فیصد لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزیشن پر ضلعی انتظامیہ جہلم کی تعریف کی اور کہاکہ اراضی ریکارڈ مراکز کا قیام وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا انقلابی اقدام ہے جس سے نہ صر ف پٹواری کا خاتمہ ہوا ہے بلکہ زمینوں کی انتقال ، فرد کے حصول اور خرید و فرخت کے عمل کو شفاف اور سہل بنایا دیا گیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے کہاکہ ڈی ایچ کیو جہلم سمیت تمام ٹی ایچ کیو اور مراکز صحت میں ایمبولینسوں کی تعداد میں اضافہ کے لئے مخیر خضرات کا تعاون حاصل کیا جائے، جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومتی اقدامات کی عوام کو فراہمی کیلئے انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں قومی اور عوامی خدمت کے ساتھ سر انجام دے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے کہاکہ جہلم کی تحصیل پنڈ دانخان میں سٹرکوں کی تعمیر کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے ، خادم اعلی دیہی روڈز پروگرام کے تحت کھلیانوں سے منڈیوں تک تعمیر کی جانیولی سٹرکوں کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا کیونکہ یہ سٹرکیں دیہی علاقوں میں ترقی کا سبب ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کھیوڑہ کیلئے واٹر سپلائی سکیم اور کھیوڑہ کے عوام کو صاف پانی کی ترجیحی بنیادوں پر دستیابی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ڈی سی او اقبال حسین خان نے کمشنر راولپنڈی عظمت محمود کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر تیزی رفتاری سے کام کیا جارہاہے اور ہر مرحلہ میں شفافیت اور اعلی معیار کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی شہباز شریف کے ویژن کے مطابق چائلد لیبر کے خاتمہ کے لئے ضلعی انتطامیہ بھر پور انداز میں کام کر رہی ہے اور ا ضلع بھر میں موجود 80 بھٹوں پر 83 چھاپے مارے گئے، نو ایف آئی آر درج کی گئیں اور آٹھ گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

متعلقہ عنوان :