مزدور طبقہ حکومتی پالیسیوں سے سب سے زیاہ متاثر ہورہا ہے،بیروزگاری کی وجہ سے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں،حکومت کو برسراقتدار آئے تین برس گزرچکے ہیں مگر مسائل حل نہیں ہوئے، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکی وفود سے گفتگو

منگل 15 مارچ 2016 22:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ موجودہ کٹھن دور میں مزدور طبقہ پریشان اور مشکلات کا شکار ہے جبکہ ہمارے حکمران اہم قومی اداروں کی نجکاری کرکے مزدوروں کامعاشی قتل عام کرنے کامنصوبہ بنارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ غیر ممالک میں بے روزگارمزدوروں کومکمل سوشل سیکیورٹی دی جاتی ہے،بے روزگاری الاؤنس دیا جاتا ہے مگر پاکستان میں الٹی گنگا بہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی بحران کاحل اداروں کی نجکاری کرنے سے نہیں ہوگاضرورت اس امر کی ہے کہ ان اداروں کو بہتربنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں اور ملکی وسائل پر انحصار کرتے ہوئے اپنی معاشی پالیسیاں تریب دی جائیں۔

(جاری ہے)

عالمی مالیاتی اداروں سے بھاری سودی قرضے لے کر ملکی معاشی صورتحال دن بدن خراب ترہوتی جارہی ہے۔جب تک بیرونی قرضوں سے جان نہیں چھوٹے گی ملکی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔ میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ نوجوان ہمارے ملک کاقیمتی سرمایہ ہیں مگر روزگار کے مواقع نہ ملنے کے باعث وہ جرائم کی طرف مائل ہورہے ہیں۔اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ٹیکسی ڈرائیور بنایاجارہاہے۔

لیپ ٹاپ دینے سے تعلیمی ضروریات کوپورانہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستا ن اس وقت مسائل کی دلدل میں دھنساہواہے۔کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والاشخص حکومتی کارکردگی سے خوش نہیں۔رہی سہی کسر حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں نے پوری کردی ہے۔موجودہ حکومت کوبرسراقتدار آئے تین برس گزرچکے ہیں مگر عوامی مسائل جوں کے توں ہیں۔چین کی طرح ہنر مندافراد تیاراور گھریلوصنعت کوفعال کرکے معاشی مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ حکمرانوں کے شاہانہ طور طریقے اورسرکاری پروٹوکول پر خرچ ہونے والی رقم غریب عوام کی فلاح وبہبود پرخرچ ہونی چاہئے تاکہ لوگوں کوکچھ ریلیف میسرہوسکے۔

متعلقہ عنوان :