وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس،پی آئی اے کی مالی حیثیت کا جائزہ لیا گیا

بدھ 16 مارچ 2016 11:02

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی مالی حیثیت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے ایئر لائن کی مالی صورتحال کے بار ے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی ایئر لائن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ماضی قریب میں بھی کئی اقدامات کئے گئے جن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ایئر لائن کو اپنے آپریشن جاری رکھنے کیلئے حکومت کی طرف سے مسلسل مالی امداد کی ضررت ہے۔ انہوں نے جون 2016ء میں ختم ہونے وال آئندہ سہ ماہی کیلئے پی آئی اے کی مالی ضروریات پیش کیں۔ اجلاس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ پی آئی اے ملازمین کی طرف سے حالیہ ہڑتال کی وجہ سے قومی ایئر لائن کو 4 ارب 30 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، جس کی وجہ سے ایئر لائن کیلئے مالی مسائل نے جنم لیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے وزارت کو ہدایت کی کہ ایوی ایشن ڈویژن اور پی آئی اے کے ساتھ ملکر ایئر لائن کے آپریشن کو جاری رکھنے کے ضروری وسائل فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سخت مالیاتی ڈسپلن پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے قومی ایئر لائن کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کو ہرممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں وزارت خزانہ، ایوی ایشن ڈویژن اور پی آئی اے کے اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :