ارجنٹینا نے چین کی کشتی کو غرق کر دیا

کشتی ارجنٹینا کے پانیوں میں غیرقانونی طور پر ماہی گیری کر رہی تھی، ارجنٹین کوسٹ گارڈ

بدھ 16 مارچ 2016 12:40

بیونس آئرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) ارجنٹینا کے کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے انھوں نے چین کی ایک کشتی کا تعاقب کرنے کے بعد اسے غرق کردیا جو ارجنٹینا کے پانیوں میں غیرقانونی طور پر ماہی گیری کر رہی تھی۔پیر کو ارجنٹینا کے کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری کردی بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی ایک کشتی سے چینی کشتی لی یان یوان یو 010 کی جانب تنبیہ کے طور پر فائر کیے گئے جو بین الاقوامی پانیوں کی جانب بڑھ رہی تھی۔

کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ انھوں نے پہلے ریڈیو کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ اس کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار تمام افراد کو بچا لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اس خطے میں غیرقانونی طور پر مچھلیاں پکڑا ایک عام مسئلہ رہا ہے۔کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’کئی مواقع پر، خلاف ورزی کرنے والے جہاز نے کوسٹ گارڈ کے ساتھ ٹکرانے کے لیے نقل و حرکت کی، جس سے نہ صرف اس کا اپنا عملہ بلکہ کوسٹ گارڈ اہلکار کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا، جنھیں بعد میں کشتی کے حصوں کو شوٹ کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

‘حالیہ چند برسوں میں ارجنٹینا اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کے باوجود یہ واقعہ رونما ہوا ہے۔کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے انھوں نے ارجنٹینا میں چینی سفارتی عملے کو اس بارے میں مطلع کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :